پاکستان کے ساتھ سیریز: انگلش کپتان کچھ میچز سے محروم رہیں گے

دونوں ٹیموں کے درمیان چار میچز کی ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ لیڈز میں 22 مئی کو کھیلا جائے گا تاہم انگلش ٹیم کے کپتان جوز بٹلر پاکستان کے خلاف ٹی20 سیریز کے کچھ میچز سے محروم رہ سکتے ہیں۔ بھارت میں جاری آئی پی ایل میں کھیلنے والے جوز بٹلر نے حال ہی میں وطن واپسی اور پاکستان کے خلاف سیریز میں شرکت کے لیے اپنا آئی پی ایل کا دورانیہ مختصر کردیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق 22 مئی سے لیڈز میں شروع ہونے والی 4 میچوں پر مشتمل ٹی20 سیریز سے قبل انگلش کپتان جوز بٹلر کی اہلیہ لوئیس کی طبعیت کی ناسازی کے باعث وہ ابتدائی کچھ میچز سے محروم رہ سکتے ہیں۔ 
برطانوی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق جوز بٹلر کی اہلیہ تیسرے بچے کو جنم دینے کی توقع کررہی ہیں، جس کے باعث کرکٹر کی کچھ میچز میں شرکت ممکن نہیں ہوسکے گی۔

قبل ازیں جوز بٹلر ٹی20 ورلڈکپ کی تیاریوں کے باعث پاکستان کے خلاف سیریز کیلئے انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) کو ادھورا چھوڑکر انگلینڈ واپس آئے تھے۔ 
دوسری جانب ٹیم انگلینڈ کے ہیڈ کوچ میتھیو موٹ خاندانی مسئلے کی وجہ سے تاخیر سے اسکواڈ میں شامل ہوں گے، ان کی عدم موجودگی میں اسسٹنٹ کوچ رچرڈ ڈاسن نے پیر کے روز لیڈز میں انگلش ٹیم کے پریکٹس سیشن کی قیادت کی تھی۔