ٹی 20 ورلڈکپ: دفاعی چیمپئن انگلینڈ نے ویسٹ انڈیزکو 8وکٹوں سے ہرادیا

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سپر ایٹ مرحلے کے دوسرے مقابلے میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ نے میزبان ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ 
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ2024کے سپر ایٹ مرحلے میں دوسرا میچ دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور میزبان ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلا گیا جو انگلش ٹیم نے 8 وکٹوں سے اپنے نام کر کے اپنے اعزاز کی دفاع کی جانب پہلا قدم بڑھا دیا۔ 
انگلش ٹیم نے ویسٹ انڈیز کی جانب سے دیے گئے 181 رنز کے ہدف کو 18 ویں اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ انگلینڈ کی جانب سے فل سالٹ نے 83 رنز کی شاندار نا قابل شکست اننگ کھیلی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ بیئر اسٹو نے بھی 48 رنز ناٹ آؤٹ بنا کر ان کا بہترین انداز میں ساتھ نبھایا۔ 
ویسٹ انڈیز کی جانب سے آندرے رسل اور روسٹن چیز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل انگلینڈ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے ویسٹ انڈیز کو بیٹنگ کرنے کی دعوت کی جس پر میزبان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا۔ 
ویسٹ انڈیز کی جانب سے برینڈن کنگ اور جانسن چارلس نے اننگز کا آغاز کیا، تاہم 40 کے مجموعی اسکور پر برینڈن کنگ 23 رنز کے انفرادی اسکور پر ریٹائرڈ ہرٹ ہوکر پویلین واپس چلے گئے جس کے بعد نکولس پوران نے چارج سنبھالا اور 54 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی، جانسن چارلس 38 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے جب کہ پوران اور کپتان روومن پاول 36، 36 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ 
انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر، عادل رشید، معین علی اور لیونگ اسٹون نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
 
سپر ایٹ کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے امریکا کو 18 رنز سے شکست دی تھی۔ پروٹیز کی جانب سے دیے گئے 195 رنز کے ہدف کے جواب میں امریکی ٹیم نے مقابلہ تو خوب کیا تاہم آخر میں ہمت ہار بیٹھی اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز تک ہی محدود رہی۔ 
سپر ایٹ مرحلے میں آج تیسرا میچ بھارت اور افغانستان کے درمیان برج ٹاؤن میں کھیلا جائے گا جو پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے سات بجے شروع ہوگا۔