ٹی 20 سیریز: انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دے کرسیریز 0-2 سے جیت لی

انگلینڈ نے چوتھے ٹی20 میچ میں پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی۔ لندن کے اوول گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی جانب سے دیا گیا 158 رنز کا ہدف انگلینڈ نے 15.3 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر آسانی سے حاصل کرلیا۔  تفصیلات کے مطابق انگلینڈ نے سیریز کے چوتھے اور آخری ٹی20 میچ میں ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا، پاکستانی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19.5  اوورز میں 157 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔  انگلینڈ کی طرف سے فل سالٹ 45، جوز بٹلر 39 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ول جیکس نے 20، جونی برسٹو نے 28 اور ہیری بروک نے 17 رنز بنائے۔ پاکستان کی طرف سے تینوں وکٹیں حارث رؤف نے حاصل کیں۔
پاکستان کی طرف سے عثمان خان 38، بابراعظم 36، محمد رضوان 23 اور افتخار احمد 21 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، نسیم شاہ نے 16 اور حارث رؤف نے 8 رنز بنائے، فخر زمان صرف 9 رنز بناسکے، شاداب خان، اعظم خان اور شاہین آفریدی صفر پر پویلین لوٹ گئے۔
انگلینڈ کی طرف سے لیام لیونگ اسٹون، مارک ووڈ اور عادل رشید نے 2، 2 شکار کیے جبکہ معین علی، جوفرا آرچر اور کرس جورڈن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔  
قبل ازیں پاکستان کی اننگز کے دوران بارش کے باعث کچھ دیر کیلئے میچ روک دیا گیا تھا جو تقریباً 12 منٹ بعد دوبارہ شروع ہوا، میچ روکے جانے سے قبل پاکستان نے 10.4 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 91 رنز بنائے تھے۔ 
یاد رہے کہ چار میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا اور تیسرا میچ بارش کے باعث منسوخ ہوگئے تھے، 22 مئی کو لیڈز میں سیریز کا پہلا میچ جبکہ 28 مئی کو کارڈف میں ہونے والا تیسرا ٹی ٹوئنٹی بارش کی وجہ سے نہیں ہوسکا تھا، 25 مئی کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں انگلینڈ نے پاکستان کو 23 رنز سے شکست دی تھی۔  
دونوں ٹیموں کے اسکواڈز: 
انگلینڈ:
 فل سالٹ، جوس بٹلر (کپتان، وکٹ کیپر)، ول جیکس، جونی بیرسٹو، ہیری بروک، معین علی، لیام لیونگ اسٹون، کرس جارڈن، جوفرا آرچر، عادل رشید اورمارک ووڈ۔
پاکستان: بابر اعظم (کپتان)،محمد رضوان، عثمان خان، فخرزمان، شاداب خان، اعظم خان (وکٹ کیپر)، افتخار احمد، شاہین آفریدی، حارث رؤف،  محمد عامراور نسیم شاہ۔