انگلینڈ کی خواتین ٹیم نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھی پاکستان کو شکست دے کر سیریز میں کلین سویپ کرلیا۔ دونوں ٹیمیں اب اپنی توجہ 23 مئی سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز پر مرکوز کریں گی۔
تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کی ویمنز ٹیم نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی پاکستانی خواتین کرکٹرز کو مات دیتے ہوئے سیریز 0-3 سے اپنے نام کرلی۔ پاکستانی ویمنز کرکٹ ٹیم انگش خواتین کے سامنے پوری ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بے بس دکھائی دی اور ایک بھی میچ میں کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ تیسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں بھی قومی ویمنز ٹیم کو 34 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
لیڈز میں کھیلے جانے والے میچ میں انگلش ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 176 رنز اسکور بورڈ پر سجائے۔ انگلینڈ کی بلے باز ڈینی وائٹ نے 87 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے ڈیانا بیگ اور ندا ڈار نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں گرین شرٹس 4 وکٹوں کے نقصان پر محض 142 رنز ہی بنا سکیں۔ پاکستان کی عالیہ ریاض 35 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہیں۔
اوپنر گل فیروزہ نے 30 رنز اسکور کیے جبکہ کپتان ندا ڈار نے ناٹ آؤٹ 29 رنز بنائے مگر ٹیم کو ہدف تک پہنچانے میں ناکام رہیں۔ انگلش ویمنز ٹیم نے سیریز میں 0-3 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے پاکستان کو وائٹ واش کردیا۔
خیال رہے کہ ٹی 20 سیریز کے دوسرے میچ میں انگلش ٹیم نے پاکستان کو 65 رنز سے شکست دی تھی جبکہ افتتاحی میچ میں بھی پاکستان ویمنز ٹیم کو 53 رنز سے ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
تین میچوں کی ٹی 20 سیریز کے بعد اب دونوں ٹیمیں اپنی توجہ 23 مئی سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز پر مرکوز کریں گی۔