پی ایس ایل انتظامیہ نے تماشائیوں کو گراؤنڈز میں لانے کے لیےاین سی او سی سے اجازت مانگ لی ہے تاہم حکومتی ہدایت کی روشنی میں فیصلہ کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میچز کے دوران سب تماشائیوں کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی، تعداد مخصوص ہوگی، اجازت ملی تو کورونا پالیسیز پر سختی سے عمل در آمد ہوگا، پی ایس ایل انتطامیہ تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں بیٹھا کر میچز دکھانے کی خواہاں ہے اور اس کا موقف ہے کہ فینز کے بغیر لیگ کچھ نہیں، ان کے نہ ہونے سے لیگ مقابلے متاثر ہوسکتے ہیں۔
زرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ تماشائی نہ آنے سے مارکیٹنگ کا شعبہ بھی متاثر ہوگا، مزید برآں پی سی بی نے پاکستان میں ہونے والے میچز کے ٹکٹس کے لیے نجی کوریئر کمپنی سے بھی رابطہ کرلیا ہے۔ پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کے میچز 20 فروری سے 22 مارچ تک جاری رہیں گے، پی ایس ایل کے میچز کراچی اور لاہور میں شیڈول کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب محدود پیمانے پر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، رنگا رنگ تقریب کا انعقاد مختصر پیمانے پر ہوگا، تقریب کو دلکش بنانے کی کوشش کی جائے گی، پی ایس ایل کو خسارہ سے نکالنے کے لیے اقدامات کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، پی سی بی ذرائع کے مطابق کوویڈ19 کی وجہ سے بھی پی ایس ایل متاثر ہوئی،میڈیا رائٹس سے آمدنی میں بہتری ہوگی۔