قومی کرکٹر فواد عالم کا ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ، امریکا منتقلی کی تیاری

پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر فواد عالم نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا عندیہ دے دیا، جبکہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ فواد عالم بہت جلد امریکا منتقل ہوجائیں گے۔ 
ذرائع کے مطابق پاکستان کے معروف ٹیسٹ کرکٹر فواد عالم انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے پر غور کررہے ہیں جس کے بعد وہ امریکا کی جانب سے کھیلنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ 
فواد عالم کو 2009 کے بعد 2020 میں انگلینڈ کے خلاف قومی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا جبکہ جولائی 2022 میں آخری ٹیسٹ میچ کھیلنے کے بعد فواد عالم کو ایک مرتبہ پھر قومی ٹیم سے باہر کردیا گیا۔ قومی کھلاڑی فواد عالم 19 ٹیسٹ، 38 ون ڈے اور 24 ٹی ٹوئنٹی میچز میں قومی ٹیم کے لئے اپنی خدمات پیش کرچکے ہیں۔
پاکستانی کرکٹر کی حیثیت سے اپنے کیریئر کے دوران، فوادعالم نے 19 ٹیسٹ میچوں میں حصہ لیا، جس میں انہوں نے 38.88 کی اوسط سے مجموعی طور پر 1011 رنز بنائے۔ 37 سال کی عمر میں، وہ مائنر لیگ کرکٹ ٹی 20 میں شکاگو کنگسمین کے لیے امریکا کے 'مقامی' کھلاڑی کے طور پر ایک نئے کردار کو قبول کرنے کے لیے تیار ہیں۔
واضح رہے کہ فواد عالم سے قبل احسان عاد ل، سمیع اسلم اور حماد اعظم بھی امریکا منتقل ہوچکے ہیں۔