پی سی بی اجلاس: سابق کرکٹرزکا قیادت کی تبدیلیوں پرتشویش کا اظہار

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے واضح کیا ہے کہ سابق کھلاڑیوں سے بابر اعظم کی کپتانی پر کوئی بات نہیں ہوئی۔ پی سی بی کے اہم اجلاس میں ہونے والی بحث میں پندرہ سے زائد سابق ٹیسٹ اور انٹرنیشنل کرکٹرز نے حصہ لیا۔ 
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی کی لاہور میں 15 کے قریب سابق کھلاڑیوں سے ملاقات ہوئی جن میں وہ کھلاڑی بھی شریک تھے جو گرین شرٹس کے سابق کپتان رہ چکے ہیں۔ 
اجلاس کے بعد غیر رسمی گفتگو میں محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ملاقات میں ڈومیسٹک کرکٹ پر تبادلہ خیال کیاگیااور بہتری کے حوالے سے گفتگو ہوئی جس میں سب نے بہترین مشورے دیئے ہیں۔ 
انہوں نے بتایا کہ کھلاڑیوں میں فیصلوں میں تسلسل کے ساتھ فٹنس پر بہت زوردیا  گیا اور کسی قسم کی کوئی رعایت نہ برتنے کا مشورہ بھی دیا ہے۔ محسن نقوی نے واضح کیا کہ بابر اعظم کی کپتانی پر ابھی کوئی بات نہیں ہوئی جبکہ ابھی کوچز کے ساتھ بھی ملاقات نہیں ہوئی ہے۔ 
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں بعض سینئر کرکٹرز نے چیئرمین پی سی بی سے سلیکشن کمیٹی کے حوالے سے بھی اپنے تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ قومی ٹیم میں اوپنرز کی تعداد زیادہ ہے جبکہ مڈل آرڈرز میں اچھے بیٹسمنز کو شامل نہیں کیا گیا تھا اور کپتان کی بار بار تبدیلی کا معاملہ بھی زیر بحث رہا۔ 
چیئرمین پی سی بی نے کھلاڑیوں کو یقین دہانی کرائی کہ اُن کی دی گئی تجاویز کی روشنی میں مستقبل کے حوالے سے فیصلے کیے جائیں گے اور امید ہے کہ ٹیم میں بہتری بھی نظر آئے گی۔