’ادھر ادھر کی باتیں نہ کریں، یہ بتائیں ٹیم کیوں ہاری‘ مکی آرتھر کے بیان پر سابق اسٹارز بھڑک اٹھے۔
بھارت کے ہاتھوں ورلڈکپ کے اہم ترین میچ میں شکست کے بعد پاکستانی ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے میڈیا سے بات چیت میں کہا تھا کہ یہ آئی سی سی کا نہیں بلکہ بی سی سی آئی کا کوئی ایونٹ لگ رہا تھا، ان کے اس بیان پر پاکستان کے سابق کرکٹ اسٹارز نے انھیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
وسیم اکرم کہتے ہیں کہ مجھے تو سمجھ نہیں آتی انھوں نے ایسی بات کی کیوں ہے، آپ ہمیں یہ بتائیں کہ آپ کا کلدیپ یادیو کے خلاف پلان کیا تھا، ہم آپ سے یہ سننا چاہتے ہیں، بیکار باتیں نہیں سننا چاہتے، آپ کیا سمجھتے ہیں کہ اس سے آپ بچ جائیں گے، ایسا نہیں ہوسکتا۔،،
ایک اور سابق کرکٹر معین خان نے کہا کہ مکی آرتھر سب کی توجہ شکست سے ہٹانے کی کوشش کررہے ہیں، وہ اس معاملے کو ایک جذباتی رنگ دینا چاہتے ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ انھیں ادھر ادھرکی باتیں کرنے کے بجائے اپنے کام پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، انھوں نے جو کہا وہ ٹھیک ہوگا لیکن انھیں یہ باتیں نہیں کرنی چاہئیں۔