پاکستان کے نئے وائٹ بال کوچ گیری کرسٹن نے پاکستانی مداحوں کی جانب سے منفی تنقید کے درمیان قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی حمایت کا اظہار کیا اور کہا کہ بابراعظم نہایت ذژمے داری سے ٹیم میں اپنا کردار اداکرتے ہیں۔
ٹاک اسپورٹ کرکٹ کے ساتھ ایک حالیہ انٹرویو میں، گیری کرسٹن نے ایک کرکٹر کے طور پر بابراعظم کی غیر معمولی کارکردگی کی تعریف کی اور ٹیم کے لیے وہ جو اہم کردار ادا کرتے ہیں اس پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے بابراعظم کو غیر ضروری دباؤ سے نجات دلانے اوربغیر کسی رکاوٹ کے اپنی فطری صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے قابل بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ "میں بابر کے ساتھ رابطے میں رہا ہوں۔ اس نے ایک کرکٹر کے طور پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور اس طرح سے اس نے ٹیم کا بہت زیادہ وزن اپنے کندھوں پر اٹھا رکھا ہے۔ اور یہ محسوس کرنے کے لیے کہ وہ کھلاڑیوں کے پورے گروپ میں سے اپنی نوعیت کا ایک ہی کھلاڑی ہے جو اپنی ٹیم کی کامیابی کے جان لڑا سکتا ہے، ہم نے یقینی طور پر آئرلینڈ کے خلاف آخری میچ میں اسے ذمے داری سے کھیلتے دیکھا تھا اور مجھے لگتا ہے کہ اس نے ایک شاندار اننگز کھیلی اور ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کیا، امید ہے کہ ہم اگلی سیریز اور ا سکے بعد ورلڈ کپ 2024 میں بھی خوش قسمت نظر آئیں گے۔
گیری کرسٹن کا کہنا تھا کہ بابر اعظم محسوس کرتا ہے کہ اسے بروقت ٹیم کی کارکردگی میں اپنا حصہ ڈالنا ہے اور اس کی یہ اپروچ گرائونڈ میں بھی نظر آتی ہے۔
گیری کرسٹن نے ٹیم کو متحرک بنانے کے لیے اپنی حکمت عملی کے بارے میں بھی تفصیل سے بتایا جس پر معل کرکے متعدد کھلاڑی آگے بڑھ سکتے ہیں اور میچ جیتنے والی کارکردگی پیش کر سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ "ہم اس سے مزید بہتر کاکردگی کی توقع رکھ سکتے ہیں کیونکہ وہ ایک ایسا پلیئر ہے جو میچ کا پانسہ پلٹ سکتا ہے۔ خاص طور پر ٹی 20 کرکٹ میں، جہاں ہر میچ اس پر بہت زیادہ دباؤ ڈالے گا اور مجھے لگتا ہے کہ وہ ایک کپتان کے طور پر واپس آنے پر خوش ہے، اس لیے میں کپتان اور کوچ کے ساتھ اس رشتے میں کام کرنے کی کوشش کررہا ہوں۔‘‘
غور طلب امر یہ ہے کہ مین ان گرین نے حال ہی میں آئرلینڈ کے خلاف تین میچوں کی ٹی 20 سیریز میں 2-1 سے فتح حاصل کی اور قومی ٹیم کے لیے یہ فتح نہایت اہم ہے کیونکہ یہ دسمبر 2021 کے بعد پاکستان کو حاصل ہونے والی پہلی دوطرفہ ٹی 20 سیریز کی جیت ہے، اس سے قبل پاکستان نے 2021 میں ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر باہمی سیریز جیتی تھی۔
دوسری جانب ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 سے پہلے مین ان گرین کی اگلی سیریز انگلینڈ کے خلاف ہے، جہاں وہ 22 مئی سے شروع ہونے والی چار میچوں کی ٹی 20 سیریز کھیلیں گے۔