سابق بھارتی کرکٹر نے دونوں ٹیموں کے حامیوں پر زور دیا کہ وہ دوسروں کی ناکامی سے اطمینان حاصل کرنے کے بجائے اپنی ٹیم کی کامیابی میں خوشی تلاش کریں۔
سابق بھارتی اوپنرگوتم گمبھیر نے امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں شیڈول آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024ء کے فائنل میں ہندوستان اور پاکستان کو آمنے سامنے دیکھنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ ایک حالیہ انٹرویو میں گوتم گمبھیر نے مخالف ٹیم کی بدقسمتی پر خوش ہونے کے بجائے اپنی ٹیم کی کامیابی کا جشن منانے کی ضرورت پر زور دیا۔
دہلی میں پیدا ہونے والے سابق ٹیسٹ کرکٹر نے شائقین کے درمیان موجودہ منفی رویوں پر تشویش کا اظہار کیا، جہاں اکثر خوشی حریف ٹیم کی شکست کے درد سے حاصل ہوتی ہے۔ گوتم گمبھیر نے کہا کہ "آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024ء کے میچز میں پاکستان اور بھارت ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے اور وہ فائنل کے لیے کوالیفائی بھی کر سکتے ہیں، ایسا نہیں ہونا چاہئے کہ اگر پاکستان کسی ٹیم کے خلاف ہار جاتا ہے تو ہندوستان میں حامی جشن منانے کے موڈ میں ہوتے ہیں یااگر ہندوستان ناکام ہوتا ہےتو پاکستانی شائقین جشن منانے میں مصروف ہوتے ہیں‘‘۔
مداحوں کے رویے پر سوشل میڈیا کے اثرات کو اجاگر کرتے ہوئے سابق کرکٹر نے حامیوں پر زور دیا کہ وہ دوسروں کی ناکامی سے اطمینان حاصل کرنے کے بجائے اپنی ٹیم کی کامیابی میں خوشی تلاش کریں۔
گوتم گمبھیر کا کہنا تھا کہ "کسی اور کی شکست کا جشن منانا بے معنی ہے۔ جب پاکستان ہارتا ہے تو بھارتی شائقین لطف اندوز ہوتے ہیں اور جب ہندوستان کوئی مقابلہ جیتنے میں ناکام ہوتا ہے تو پاکستان میں بھی ایسا ہی ہوتا ہے، یہ ایک منفی رویہ ہے۔ اس ذہنیت کو بدلنے کا وقت آگیا ہے۔ لوگوں نے سوشل میڈیا کی خاطر ایسی حرکتیں شروع کردی ہیں۔ اپنی کامیابی میں خوشی تلاش کریں نہ کہ دوسروں کے دکھ میں۔‘‘
یاد رہے کہ 2024ء کا مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 4 سے 30 جون تک کیریبین اور امریکہ میں منعقد ہونے والا ہے، یہ پہلی بار ہوگا کہ امریکہ کسی بین الاقوامی کرکٹ ایونٹ کی میزبانی کرے گا۔ ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق آئی سی سی کی ٹیم نے امریکہ میں ممکنہ مقامات کا معائنہ کیا جن میں فلوریڈا میں لاڈر ہل، موریس ول، ڈیلاس اور نیویارک شامل ہیں۔