جنوبی افریقہ کے سابق بلے باز ہرشل گبز نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم ورلڈ کپ کی فیورٹ ٹیموں میں سے ایک ہے۔
مقامی نیوز چینل سے بات چیت کرتے ہوئے ہرشل گبز نے کہا کہ پاکستانی ٹیم میں عدم تسلسل ضرور ہے، لیکن سب جانتے ہیں کہ پاکستانی ٹیم کیسے کلک کر سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم میں ہمیشہ ایکس فیکٹر پایا جاتا ہے یہی وجہ ہے کہ وہ خطرناک ٹیم ہے، ورلڈ کپ کی کنڈیشنز پاکستان کے لیے سازگار ہیں، مجھے یقین ہے کہ ورلڈ کپ مقابلوں میں پاکستانی ٹیم ٹاپ فور میں شامل ہوگی۔
ہرشل گبز نے بابر اعظم کی فیلڈ میں مستقل مزاجی اور رویے کو بھی سراہا۔
بابراعظم کی تعریف کرتے ہوئے ہرشل گبز کا کہنا تھا کہ وہ تسلسل کے ساتھ رنز بنانا جانتے ہیں، یہ ناقابل یقین ہے، ان کا ٹیمپرامنٹ شاندار ہے، وہ جتنے بھی رنز بنا لیں، مطمئن نہیں ہوتے اور آگے بڑھتے جاتے ہیں۔
جنوبی افریقہ کے سابق بلے باز نے کہا کہ بابر اعظم اسٹرائیک ریٹ کو بہتر کرنا جانتے ہیں، آپ کچھ بھی کہہ لیں بابراعظم بہترین بیٹرز میں سے ایک ہیں۔
واضح رہے کہ دنیائے کرکٹ کا سب سے بڑا میلہ ون ڈے ورلڈ کپ 2023، 5 اکتوبر سے بھارت میں شروع ہونے والا ہے جس میں دس ٹیمیں حصہ لیں گی۔