محمد حفیظ میرے بڑے ہیں اور ان کی بہت عزت کرتا ہوں، سرفراز احمد

کوئٹہ گلیڈیٹر کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ میں پی ایس ایل 6 میں اپنی ٹیم کی قیادت کرنے ساتھ وکٹ کیپنگ بھی خود کروں گا اور اعظم خان  متبادل وکٹ کیپر ہوں گے۔

کراچی میں ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ڈرافٹ میں اچھا اسکواڈ بنا ہے، ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے معروف بیٹسمین کرس گیل کی شمولیت سے کوئٹہ گلیڈیٹر مضبوط ہوگی، ایسی ٹیم بنانا چاہتے ہیں جو ابتدا سے فائنل تک کھیلے، مجھ پر کوئی اضافی دباؤ نہیں، بطورکپتان اور کھلاڑی بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا۔

سرفراز احمد نے کہا کہ میرا بیٹنگ آرڈر حالات کے مطابق ہی ہوگا، نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ انجری سے نجات حاصل کرچکے ہیں اور بھرپور ردھم میں نظر آ رہے ہیں، عثمان شنواری کی بولنگ سے ہمیں فائدہ ہوگا جب کہ عمر گل کی  بولنگ کوچنگ سے بھی فائدہ اٹھائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ محمد رضوان سے میرا کوئی مقابلہ نہیں، رضوان اپنی ٹیم کے لیے جدوجہد کریں گے، میں اپنے اسکواڈ کو کامیاب  کرانے کی کوشش کروں گا۔ میچ میں 6 بیٹسمینوں کی شمولیت کو ترجیح دیں گے، اب بولرز بھی بیٹنگ پر توجہ دے رہے ہیں، تماشائیوں کی مخصوص تعداد کو میچ دیکھنے کی اجازت ملنا خوش آئند ہے۔

محمد حفیظ سے متعلق ٹوئٹر پر ہونے والے معاملے پر بات کرتے ہوئے سابق کپتان نے کہا کہ محمد حفیظ میرے بڑے ہیں، ان کی بہت عزت کرتا ہوں، محمد حفیظ کی عزت میرے دل میں رہے گی، کامیابی کے لیے بلند عزائم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس ایل 6 میں اپنی ٹیم کی قیادت کرنے ساتھ وکٹ کیپنگ بھی خود کروں گا،اعظم خان  متبادل وکٹ کیپر ہوں گے۔