آئندہ ماہ سے امریکا میں شروع ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں پاکستان سے ٹاکرا چیلنجز سے بھرا ہوگا، سابق اسپنر ہربھجن سنگھ نے بھارتی ٹیم کو خبردار کردیا۔ ہربھجن سنگھ نے پاکستانی ٹیم کے ساتھ مقابلے میں درپیش انوکھے چیلنجز پر زور دیا، یہ نوٹ کرتے ہوئے کہ دونوں ممالک کے درمیان محدود اوورز کا دو طرفہ میچ ان چیلنجز کے باعث ایک "مشکل" مقابلہ بن جاتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاک بھارت ٹاکرے سے قبل سابق اسپنر ہربھجن سنگھ نے بھارتی ٹیم کو خبردار کردیا۔
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کا آغاز یکم جون سے ویسٹ انڈیز اور امریکا میں مشترکہ طور پر ہورہا ہے، 9 جون کو روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں نیویارک کے نوتعمیر شدہ اسٹیڈیم میں مدمقابل آئیں گی۔
مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہربھجن سنگھ نے کہا کہ پاکستان کے خلاف کھیلنا ہمیشہ مشکل ہوتا ہے کیونکہ دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف زیادہ نہیں کھیلتیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ان کے مضبوط اور کمزور زونز کے بارے میں زیادہ نہیں جانتے۔
ہربھجن سنگھ کا کہنا تھا کہ پاکستانی بولرز خود کو ذہنی اور جسمانی طور پر مضبوط رکھتے ہیں ا سلیے بھارتی ٹیم کو چاہیےکہ ان پہلوؤں کا خیال رکھے، یہ چیزیں اس وقت سامنے آئیں گی جب دونوں ٹیمیں میدان میں مقابلے کے لیے اتریں گی۔
قبل ازیں ہربھجن سنگھ نے ورلڈ کپ میں ڈراپ ان پچز پر تنقید کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت مقابلے میں کسی کو اندازہ نہیں ہے کہ وہ پچز کس طرح کا برتاؤ کرنے والی ہیں یہاں تک کہ پچ کیوریٹر بھی اس کے بارے میں نہیں جانتے ہوں گے۔