قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا۔
ایشیاءکپ میں بنگلہ دیش کے خلاف سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں دائیں ہاتھ کے تیز گیندباز حارث رؤف نے ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان کیلئے تیز ترین 50 وکٹیں لے کر یہ کارنامہ سر انجام دینے والے تیسرے پاکستانی بولر بن گئے۔
حارث رؤف نے بنگلہ دیش کے محمد نعیم اور توحید ہردوئے کی دو وکٹیں حاصل کیں، انہوں نے یہ کارنامہ 27 اننگز میں کھیل کر حاصل کیا۔
اس فہرست میں پاکستان کے تیز گیند باز حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی سرفہرست ہیں جنہوں نے بالترتیب 24 اور 25 ون ڈے میچوں میں 50 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
اس سے قبل ایشیاءکپ میں بھارت کے خلاف ہونے والے میچ میں حارث رؤف نے شبھمن گل، شریاس ایر اور ایشان کشن کی 3 اہم وکٹیں لے کر بھارت کو 266 تک محدود رکھا تھا تاہم بارش کے باعث پاکستان اپنی باری نہیں کھیل سکا تھا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا تھا۔