حارث رؤف کے زخمی کندھے کا علاج فرنچائز کرانے لگی، پی سی بی میڈیکل پینل نے فی الحال کوئی مشورہ تک دینا مناسب نہ سمجھا جب کہ پیسر نے معاہدہ بحال کرنے کی اپیل کردی ہے۔
دورہ آسٹریلیا سے انکار پر 15 فروری کو پی سی بی نے حارث رؤف کا سینٹرل کنٹریکٹ معطل کر دیاتھا، ساتھ ہی 30 جون تک ہر غیرملکی لیگ میں شرکت پر پابندی بھی عائد کردی تھی، اس کے 10 روز بعد کندھا اترنے کی وجہ سے انھیں ایچ بی ایل پی ایس ایل سے بھی باہر ہونا پڑا، اس وقت تک حارث نے چار میچز میں حصہ لیا تھا،انھیں صحت یاب ہونے میں 4 سے 6 ہفتے لگیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ انجری کے بعد حارث کا علاج ان کی فرنچائز لاہور قلندرز کروارہی ہے، پی سی بی کے ایک اعلیٰ افسر نے حال پوچھنے کا پیغام ضرور بھیجا لیکن مالی معاونت کی بات نہیں کہی،اس طرح میڈیکل پینل نے بھی ان کو کسی قسم کا کوئی مشورہ نہیں دیا۔
دوسری جانب گذشتہ دنوں حارث رؤف نے پی سی بی کی سزا کے خلاف اپیل دائر کردی ہے، انھوں نے موقف اپنایا کہ زندگی میں موجودہ مقام پاکستان کرکٹ کی وجہ سے ہی ملا اسے اہمیت نہ دینے کا وہ سوچ بھی نہیں سکتے،کافی عرصے سے ریڈ بال کرکٹ نہیں کھیلی تھی اس لیے آسٹریلیا جانے پر تھوڑی ہچکچاہٹ تھی، اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ ملک پر لیگز کو ترجیح دے رہے ہیں، انھوں نے بورڈ سے معاہدہ بحال کرنے کی درخواست بھی کردی ہے تاہم ان کی اپیل کا جائزہ لیے جانے کے بعد کوئی فیصلہ کیا جائے گا، البتہ دوبارہ کنٹریکٹ ملنے کا امکان روشن ہے۔
یاد رہے کہ وائٹ بال کرکٹ میں حارث رؤف کا شمار پاکستان کے اہم بولرز میں ہوتا ہے، ٹی 20 ورلڈکپ 2024 میں بھی ٹیم کو ان سے بلند توقعات وابستہ ہوں گی۔