مداح کا کیچ پکڑنے کی صلاحیت پر طنز، حسن علی کا جوابی وار

سڈنی میں کرکٹ شائقین نے حسن علی کے کیچ پکڑنے کی مہارت کا مذاق اڑایا جس کے بعد حسن علی نے بھی مداح پر جوابی وار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ضرور آؤ، مجھے کون کیچ پکڑنا سکھائے گا؟
تفصیلات کے مطابق اپنے تیز مزاج کے لیے مشہور قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی سڈنی کرکٹ گرائونڈ میں مداح کی تنقید پر آگ بگولہ ہوگئے۔ پیسر نے کیچ پکڑنے کی مہارت کا مذاق اڑانے والے مداح کو جارحانہ انداز میں جواب دیا۔ 
دائیں ہاتھ کے تیز گیند باز حسن علی کو سڈنی میں آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کی 3-0 سے شکست کے بعد تماشائیوں کی جانب سے اپنی کیچنگ کی صلاحیتوں کے حوالے سے تضحیک کا سامنا کرنا پڑا۔ میچ کے بعد جب حسن علی تماشائیوں کے پاس آٹوگراف بک پر دستخط کرنے کے لیے پہنچے تو ایک پرستار نے انہیں طعنہ دیا۔ 
سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو میں مداح کو چیختے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، "یہاں آؤ، میں تمہیں کیچ پکڑنے کا طریقہ سکھاتا ہوں۔"
اس پر حسن نے فوراً جواب دیا، "یہاں ضرور آؤ، مجھے پکڑنا کون سکھائے گا؟
واضح رہے کہ حسن علی کو 2021ء کے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں میتھیو ویڈ کا کیچ چھوڑنے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے نتیجے میں پاکستان کو میچ میں سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑا تھا کیونکہ کیچ ڈراپ ہونے کے بعد میتھیو ویڈ نے شاہین آفریدی کی گیندوں پرلگاتار تین چھکے لگائے تھے جس کے نتیجے میں پاکستان ٹورنامنٹ سے باہر ہوگیاتھا۔ 
آسٹریلیا میں پاکستان کو ہوم ٹیم کے خلاف 3-0 سے وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا، پاکستانی ٹیم نے آسٹریلیا میں اپنی شکست کے سلسلے کو 17 میچوں تک بڑھادیا ہے کیونکہ وہ 1995ء کے بعد سے ابھی تک آسٹریلوی سرزمین پر کوئی ٹیسٹ میچ نہیں جیت سکاہے۔