کراچی: قومی ٹیم کے ٹیسٹ فاسٹ بولر حسن علی ایک بار پھر سے انجرڈ ہوگئے ہیں۔
حسن علی کو کمر کی تکلیف کے سبب 15 ماہ تک کرکٹ سے دور رہنا پڑا تھا اور اب حسن علی گرون انجری کا شکار ہوگئے ہیں، وہ قائد اعظم ٹرافی فرسٹ الیون کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ میں میں نادرن پنجاب کے خلاف سینٹرل پنجاب کی جانب سے بولنگ کرتے ہوئے زخمی ہوگئے تھے۔
حریف ٹیم کی پہلی اننگ میں بیٹنگ کے دوران اپنے چھٹے اوور کی دوسری گیند کرانے کے بعد وہ مزید بولنگ جاری نہ رکھ سکے تھے اور ان کو واپس ڈریسنگ روم لوٹنا پڑا تھا، ان کی جگہ احمد صافی عبداللہ نے اوور مکمل کرایا، دوسری اننگ میں بھی حسن علی خود کو بولنگ کے لیے تیار نہیں کرپائے، امکان ہے کہ آرام کی غرض سے وہ جمعہ سے شروع ہونے والے تیسرے راؤنڈ میں بلوچستان کے خلاف ایکشن میں نہیں آئیں گے۔
قبل ازیں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ انجری سے نجات حاصل کرلی، مجھے اپنے اوپر بھرپور اعتماد ہے اور ایک مرتبہ پھر پاکستان کے لیے میری خدمات حاضر ہیں، گزشتہ پندرہ ماہ کا دورانیہ میرے لیے بہت مشکلات کا سبب بنا، انجری سے نجات حاصل کرنے کیلیے سخت محنت کرنا پڑی،بار بار انجری کی وجہ سے مسائل مزید بڑھ گئے۔