جنوبی افریقہ کے لیجنڈری کرکٹر ہاشم آملہ نے آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کی سیمی فائنلسٹ ٹیموں کی پیش گوئی کردی۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کے سابق مایہ ناز بیٹسمین ہاشم آملہ نے غیرملکی میڈیا کو انٹرویو کے دوران عالمی کپ 2023 کے سیمی فائنل مقابلوں میں پہنچنے والی چار ٹیموں کی پیش گوئی کی ہے۔
ہاشم آملہ نے جن چار ٹیموں کا انتخاب کیا ہے انہیں ٹورنامنٹ کی فیورٹ ٹیموں میں شمار کیا جارہا ہے اور کرکٹ ماہرین بھی انہی میں سے کسی ایک کے ورلڈ کپ جیتنے کی پیش گوئیاں کررہے ہیں تاہم ہاشم آملہ نے حیران کن طور پر پانچ بار عالمی چیمپئن رہنے والے آسٹریلیا کو ممکنہ سیمی فائنلسٹ ٹیموں میں شامل نہیں کیا۔
ہاشم آملہ کا کہنا تھا کہ میگا ایونٹ کے سیمی فائنل مرحلے میں بھارت، پاکستان، جنوبی افریقہ اور انگلینڈ جگہ بناسکتے ہیں۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے سابق بلے باز کرس گیل نے ورلڈ کپ کی سیمی فائنلسٹ ٹیموں میں پاکستان، بھارت، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کو شامل کیا تھا۔
کرس گیل کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان اور بھارت فائنل میں پہنچتے ہیں تو کھلاڑیوں کو آئی سی سی سے بہت زیادہ معاوضہ مانگنا چاہئے کیونکہ دونوں ملکوں میں کشیدگی کی وجہ سے اس میچ کو ٹی وی پر پوری دنیا دیکھتی ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 بھارت میں 5 اکتوبر سے 19 نومبر تک کھیلا جائے گا۔ ایونٹ میں شریک 10 ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف کل 45 لیگ میچز کھیلیں گی۔
ٹاپ چار ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی جو 15 نومبر کو ممبئی اور 16 نومبر کو کولکتہ میں ہوں گے جبکہ فائنل 19 نومبر کو احمدآباد میں ہوگا۔ سیمی فائنل اور فائنل میں ریزرو دن ہوں گے۔
ٹورنامنٹ کے ضوابط کے مطابق تمام ٹیموں کو 28 ستمبر سے پہلے اپنے 15 کھلاڑیوں کے اسکواڈ کو حتمی شکل دینا ہوگی، اس تاریخ کے بعد کسی بھی تبدیلی کے لیے آئی سی سی سے منظوری درکار ہے۔