کراچی: میتھیو ہیڈن اور ورنون فلینڈر نے پاکستانی کرکٹرز کے دل میں گھر کرلیا جب کہ دونوں کوچز سے ٹیم خاصی خوش ہے۔
چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے اپنی پہلی ہی میڈیا کانفرنس میں ورلڈکپ کیلیے میتھیو ہیڈن کو بیٹنگ اور ورنون فلینڈر کو بولنگ کوچ مقرر کرنے کا اعلان کیا تھا، ٹیم ذرائع کے مطابق کرکٹرز سابق آسٹریلوی اور پروٹیز اسٹارز کے کام سے مطمئن ہیں، دونوں کا سب کے ساتھ سلوک یکساں ہے۔
ایک آفیشل نے بتایا کہ ہیڈن کی تو یو اے ای میں ہی پلیئرز سے پہلی ملاقات ہوئی تھی لیکن وہ جلد ہی ان میں گھل مل گئے، انھوں نے کسی کی تکنیک وغیرہ میں تبدیلی کیلیے کوشش سے گریز کیا، بس بنیادی باتیں بتائیں اور اصل کام اعتماد بڑھانے کاکیا، چاہے بابر اعظم ہوں یا کوئی جونیئر کرکٹر ہیڈن سب کو یکساں عزت اورتوجہ دے رہے ہیں،اسی طرح فلینڈرکا رویہ بھی سب کے ساتھ اچھا ہے، وہ لاہور میں ٹیم کے ساتھ چند دن کام کر چکے تھے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ پلیئرز مصباح الحق اور وقار یونس کی کمی محسوس نہیں کر رہے اور موجودہ کوچز کے ساتھ ایڈجسٹ ہو گئے ہیں، لینگوئج کے حوالے سے بھی زیادہ مسائل پیش نہیں آرہے کیونکہ کرکٹ کے حوالے سے باتیں سمجھانے کیلیے کسی خاص زبان کی ضرورت نہیں ہوتی،جہاں کھلاڑی مشکل محسوس کریں توکوچنگ اسٹاف میں شامل پاکستانی آفیشلز مدد کیلیے سامنے آ جاتے ہیں، عبوری ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے بھی سب کو بیحد متاثر کیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ہیڈن اور فلینڈر سے طویل المدتی معاہدے کا امکان کم ہے،سابق آسٹریلوی اسٹار اپنی دیگر مصروفیات کی وجہ سے خود بھی دلچسپی نہیں رکھتے، البتہ مختصر وقت کیلیے کام کرنے کو آئندہ بھی دستیاب ہوں گے۔
واضح رہے کہ پی سی بی آئندہ چند روز میں کوچز کیلیے اشتہار جاری کرنے والا ہے۔
دوسری جانب ایک اور آفیشل کا کہنا ہے کہ چونکہ ابھی ٹیم جیت رہی ہے اس لیے کوچز پر کوئی دباؤ نہیں، ان کا اصل امتحان اسی وقت ہوگا جب نتائج حق میں نہ ہوں۔