ایشیاءکپ: سپر4مرحلے کے میچز کولمبو سے منتقل کیے جانے کا امکان

سری لنکا میں ہونے والی شدید بارشوں  کی وجہ سے ایشیاءکپ 2023 کے سپر فور مرحلے کے میچز کولمبو سے منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔ 
بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق گذشتہ چند روز سے سری لنکا میں تیز بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کی وجہ سے ایشیاءکپ کے میچ  بھی متاثر ہورہے ہیں۔ 
گذشتہ روز پالی کیلے میں کھیلا گیا پاکستان اور بھارت کا میچ بھی شدید بارش کی وجہ سے مکمل نہیں ہوپایا تھا اور بے نتیجہ ہی ختم کردیا گیا تھا۔ 

ایشیاءکپ 2023  ہائبرڈ ماڈل کے تحت کھیلا جارہا ہے اور پاکستان اور سری لنکا مشترکہ طور پر اس ایونٹ کی میزبانی کررہے ہیں۔ 
ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے کے میچز کولمبو میں کھیلے جانے ہیں مگر مون سون سیزن کی وجہ سے دمبولا، پالی کیلے اور کولمبو پچھلے پانچ روز سے تیز بارش کی زد میں ہیں اور ماہرین موسمیات کی جانب سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئیاں کی گئی ہیں۔ کسی حد تک یہ امید تھی کہ کم از کم کولمبو  میں بارشوں کا سلسلہ تھم جائے گا اور یہاں صورتحال میچز کے لیے موزوں  ہوگی مگر لنکن دارالحکومت میں برستی تیز بارش اب ایشین کرکٹ کونسل کو اپنے فیصلے پر نظرثانی پر مجبور کررہی ہے۔
کولمبو میں  ایشیا
ءکپ کے سپرفور مرحلے کا پہلا میچ 9 ستمبر کو کھیلا جائے گا اور اے سی سی شہر میں موسم کی صورتحال کے حوالے سے تشویش میں مبتلا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق  میچز کی منتقلی کے حوالے سے اے سی سی کی جانب سے ایک یا دو روز میں فیصلہ کیے جانے کی توقع ہے۔