بھارت کے ہاتھوں امریکا کی شکست کے بعد پاکستان کے لیے خوشی کی خبر یہ ہے کہ پاکستان کے سپر ایٹ میں جانے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ بھارت سےشکست کھانے اور سست رفتار سے بیٹنگ کیے جانے کے بعد امریکا کا نیٹ رن ریٹ گر گیا ہے جس سے پاکستان کے امکان بڑھ گئے ہیں۔ اب پاکستان کے لیے آئرلینڈ کے خلاف ایک اہم فتح حاصل کرنے کا مقصد اپنے نیٹ رن ریٹ کو مضبوط کرنا ہوگا، جو ٹائی بریکر کے منظر نامے میں اہم ہو سکتا ہے۔
اب اس نئے منظر نامے پر ایک نظر ڈالتے ہیں کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے تک جانے کے لیے پاکستان کا راستہ کیسے کھل سکتا ہے۔
نیویارک میں امریکا کی ٹورنامنٹ میں اب تک کی پہلی شکست کے بعد پاکستان کو بڑا فائدہ حاصل ہوا ہے۔ بھارت کی جانب سے آسان ہدف کو حاصل کرنے کے لئے سست رفتار سے بیٹنگ کیے جانے کے بعد امریکا کا نیٹ رن ریٹ گرگیا۔
پوائنٹس ٹیبل پر گروپ اے میں بھارت کا پہلا نمبر ہے جبکہ 4 پوائنٹس کے ساتھ امریکا کا دوسرا نمبر ہے، پاکستان 2 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔ تاہم پاکستان کا نیٹ رن ریٹ امریکا سے بہتر ہو گیا ہے۔ اس وقت امریکا کا نیٹ رن ریٹ صفر عشاریہ 13 جبکہ پاکستان کا نیٹ رن ریٹ صفر عشاریہ 19 ہے۔ یوں اب اگر امریکا آئرلینڈ سے کسی بھی مارجن سے شکست کھا جائے، تو اس صورت میں پاکستان کو اگلے مرحلے تک رسائی کیلئے آئرلینڈ کیخلاف ایک لازمی فتح درکار ہوگی۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے 25 واں میچ نیویارک میں امریکا اور بھارت کے درمیان کھیلا گیا۔ میچ کا ٹاس بھارت کے کپتان روہت شرما نے جیتا اور پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ نیویارک میں بھارتی کپتان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرنے والی امریکی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز بنا سکی۔ جواب میں بھارت نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 19 ویں اوور میں مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔ بھارت کی جانب سے سوریا کمار یادیو نصف سینچری بنا کر سب سے نمایاں رہے۔
واضح رہے کہ یہ میچ نہ صرف میزبان امریکا، بلکہ پاکستان کے لئے بھی اہم تھا۔ پاکستان کو اگلے مرحلے تک اپنے رسائی کے امکانات کو روشن رکھنے کے لئے امریکا کی شکست درکار تھی۔ امریکا کی فتح کی صورت میں پاکستان کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 میں سفر تمام ہوجاتا۔ تاہم بھارت کی فتح سے رویت شرما الیون ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے میں پہنچ گئی ہے جبکہ امریکا کو اگلے مرحلے تک رسائی کے لئے آئرلینڈ کیخلاف لازمی فتح درکار ہے جبکہ پاکستان کو اگلے مرحلے تک رسائی حاصل کرنے کے لئے آئرلینڈ کیخلاف امریکا کی شکست اور پھر آئرلینڈ کیخلاف ایک لازمی جیت درکار ہوگی جس سے پاکستان سپر ایٹ میں چلاجائے گا۔