تنقید سے بابراعظم کا کھیل مزید نکھر کر سامنے آتا ہے، عابد علی

تنقید سے بابراعظم کا کھیل مزید نکھر کر سامنے آتا ہے، عابد علی

پاکستان کے باصلاحیت ٹیسٹ کرکٹر عابد علی کا کہنا ہے کہ تنقید سے بابر اعظم کا کھیل مزید نکھر کر سامنے آتا ہے۔ 
پاکستان میں کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pk کو انٹرویو دیتے ہوئے قومی ٹیم کے اوپنر نے کہا کہ تعمیری تنقید کھلاڑی کو بہتر کارکردگی دکھانے کی ترغیب دیتی ہے، اچھی بات ہے کہ بابر اعظم پر تنقید ہوتی ہے جو ہونی بھی چاہیے، وہ ہمیشہ تنقید کا جواب اپنے اسکورز کی صورت میں دیتے ہیں، بابر اعظم پاکستان کا تابناک ستارہ ہیں، بیٹنگ میں پوری مہارت رکھتے ہیں،انھیں کھیلتے ہوئے دیکھنا ہمیشہ اچھا لگتا ہے۔ 
 
انھوں نے کہا کہ قومی ٹیم سے دوری کے باوجود میں اب بھی پْرعزم ہوں کہ اچھی کارکردگی دکھا کر کسی بھی وقت کم بیک کرسکتا ہوں۔ ڈومیسٹک سیزن میں ایک بار پھر کوشش ہوگی کہ ہرمیچ میں شاندار کارکردگی دکھا کر سب کے دل جیتوں، کم بیک کرنا مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں۔ 
عابد علی نے مزید کہا کہ پاکستانی بیٹرز جو اس وقت ٹیم کا حصہ ہیں، میں ان سب کے لیے دعاگو ہوں کہ وہ ہر میچ میں اچھے رنز کریں اور پاکستان کی جیت میں اپنا حصہ ڈالیں، سعود شکیل اور سلمان علی آغا پاکستان کے لیے طویل عرصے تک کھیلنے کی اہلیت رکھتے ہیں، اس کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ ہر میچ میں اپنی کارکردگی کو بہتر سے بہتر بنائیں۔