سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں ہونے والے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سالانہ اجلاس میں 2025ء چیمپئنز ٹرافی کے بجٹ کی منظوری دے دی گئی، جس کی میزبانی پاکستان کرے گا۔ بجٹ کی منظوری آئی سی سی اجلاس کے آخری روز دی گئی۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ یہ بجٹ آئی سی سی کے چیف فنانس آفیسر انکورکھنہ اور پی سی بی کے چیف فنانس آفیسرجاوید مرتضیٰ نے تیار کیا تھا۔
غیر جانبدار مقام یا پلان بی کی افواہوں کے باوجود پی سی بی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے تمام میچز کی میزبانی پاکستان میں کرانے کے اپنے موقف پر قائم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی 2025ء کی میزبانی کرنے کے لیے تیار ہے۔
دوسری جانب یہ خبریں بھی گردش میں ہیں کہ ’پلان بی‘ اور ’نیوٹرل وینیو‘ کی باتیں سامنے آنا شروع ہوگئی ہیں، جس میں یہ اطلاعات بھی سامنے آئیں کہ بھارتی کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ نہیں کرے گی اور اپنے میچز ایک غیر جانبدار مقام کے علاوہ نہیں کھیلے گی تاہم پی سی بی کا پختہ خیال ہے کہ چونکہ ایونٹ پاکستان کا ہے اسے مکمل طور پر پاکستان میں ہی ہونا چاہیے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا سالانہ اجلاس 19 سے 22 جولائی تک کولمبو میں شیڈول تھاجس کے آخری روز چیمپئنز ٹرافی 2025 کے بجٹ کی منظوری دی گئی۔
پی سی بی کے مطابق تین مقامات کراچی، راولپنڈی اور لاہور آٹھ میچز کی میزبانی کریں گے اور بھارت کے تمام میچز لاہور میں ہوں گے۔
پی سی بی نے تین اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کے لیے 12.80 ارب روپے بھی مختص کیے ہیں۔ لاہور کا قذافی سٹیڈیم، کراچی کا نیشنل بینک کرکٹ ایرینا اور راولپنڈی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کو مارکی ایونٹ سے پہلے اپ گریڈ کیا جائے گا۔ بھارت کے علاوہ چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کرنے والی تمام آٹھ ٹیمیں پہلے ہی پاکستان میں کھیل چکی ہیں اور پی سی بی کا خیال ہے کہ بھارت کے پاس یہاں نہ آنے کی کوئی مضبوط وجہ نہیں ہے۔ چیمپئنز ٹرافی کی مجوزہ تاریخیں 19 فروری سے 9 مارچ تک ہیں۔ یہ ایونٹ آٹھ سال کے وقفے کے بعد آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی واپسی کا اعلان ہوگا ، 2017ء میں پاکستان فائنل میں بھارت کو شکست دے کر فاتح بن کر سامنے آیا تھا۔