انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے کوالیفیکیشن کے طریقہ کار کا اعلان کردیا۔
کرکٹ کی معروف ویب سائٹ ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق آئی سی سی ترجمان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی چیمپئنزٹرافی 2025 میں ورلڈ کپ 2023 کی ٹاپ سات ٹیمیں کوالیفائی کریں گی جبکہ پاکستان میزبان کی حیثیت سے ٹورنامنٹ میں شامل ہوگا۔
آئی سی سی ترجمان کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے اہلیت کے نظام کی 2021 میں آئی سی سی بورڈ نے منظوری دی تھی۔ اس پیشرفت کے بعد زمبابوے، آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز جیسی ٹیمیں جو ورلڈ کپ 2023 میں کوالیفائی نہیں کرسکی تھیں وہ چیمپئنز ٹرافی 2025 بھی نہیں کھیل سکیں گی۔
واضح رہے کہ یہ پیشرفت اُن ٹیموں کیلئے بھی حیران کن ہے جو 2025 کی چیمپئنز ٹرافی کے لیے کوالیفائی کرنے کے بارے میں لاعلم تھیں۔ ہفتے کے روز ورلڈ کپ میں نیدرلینڈز سے شکست کھانے کے بعد بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن نے کہا کہ اگرچہ ہم ورلڈ کپ میں سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہیں لیکن ہم اپنے باقی تین میچز جیت کر چیمپئنز ٹرافی میں جگہ پکی کرنے کی کوشش کریں گے۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ نومبر 2021 میں آئی سی سی نے 2024-31 سائیکل میں مردوں اور خواتین کے لیے متعدد عالمی کرکٹ ایونٹس کے انعقاد کا اعلان کیا تھا جس میں چیمپئنز ٹرافی کے دو ایڈیشن 2025 اور 2029 بھی شامل ہیں۔ چیمپئنز ٹرافی کے پچھلے دو ایڈیشن 2013 اور 2017 بالترتیب بھارت اور پاکستان نے جیتے تھے۔
ذرائع کے مطابق آئی سی سی کے ایک فل ممبر بورڈ نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ 2027 کا ورلڈ کپ 14 ٹیموں کا ٹورنامنٹ ہوگا جس کی میزبانی جنوبی افریقہ، نمیبیا اور زمبابوے کریں گے جہاں کوالیفکیشن کا منظر نامہ یہ ہے کہ آئی سی سی رینکنگ میں ٹاپ ایٹ کی ٹیمیں کوالیفائی کریں گی۔ چار ٹیمیں کوالیفائر ٹورنامنٹ کھیلنے کے بعد اپنا راستہ بنائیں گی جبکہ زمبابوے اور جنوبی افریقہ میزبان کے طور پر کوالیفائی کریں گے۔