بھارت میں جاری دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے ایونٹ ورلڈکپ کے دوران پاکستان صحافیوں اور کرکٹ فینز کو ویزے جاری نہ کرنے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا بیان سامنے آگیا۔
ورلڈکپ میں شائقین کرکٹ کی عدم دلچسپی کو دیکھتے ہوئے آئی سی سی کے ترجمان نے صورتحال کی سنگینی کو تسلیم کیا اور یقین دلایا کہ معاملے کو فوری طور پر حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ معاملے کو جلد از جلد کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور بہت جلد نتیجے پر پہنچ جائیں گے۔
گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی سے ورلڈکپ کی ویزا پالیسی پر ایکشن لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے شائقین اور صحافیوں کے لیے ویزا کے معاملے پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔
بورڈ کا کہنا تھا ہمیں مایوسی ہوئی کہ پاکستانی صحافی اور شائقین آئی سی سی ورلڈ کپ میں پاکستان کے افتتاحی میچ کی کوریج کے لیے بھارتی ویزوں کے حصول کے بارے میں غیر یقینی کا شکار ہیں۔ یہ غیر یقینی صورتحال ہم پر بڑے دباؤ کا باعث بن رہی ہے۔
پی سی بی کے خط میں مزید کہا گیا کہ ہم گزشتہ 3 سال سے شائقین اور صحافیوں کے لیے بھارتی ویزے جاری کرنے سے متعلق آئی سی سی کو ان کی ذمہ داریوں اور اراکین کے معاہدے کے بارے میں یاد دلاتے رہے ہیں تاہم پھر بھی مسائل حل نہ ہوئے، جو افسوس ناک ہے۔