ٹی 20 ورلڈکپ: آئی سی سی امریکی مرحلے میں بجٹ اوور شوٹ کا جائزہ لے گی

امریکا اور ویسٹ انڈیز میں مشترکہ طور پر منعقد ہونے والے آئی سی سی کے میگا ایونٹ ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں بدانتظامی اور پیسوں کی ہیرا پھیری کی خبروں پر آئی سی سی ممبران ناراض ہوگئے۔ اس حوالے سے رواں ماہ سری لنکا میں شیڈول میٹنگ انتہائی اہمیت اختیار کرگئی۔
تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے بورڈ ممبران نے ٹی20 ورلڈکپ میں ہونے والی بدانتظامی پر ناراضگی کا اظہار کردیا۔ ہفتے کے آخر میں کولمبو میں آئی سی سی کے ڈائریکٹرز کی ایک ہنگامی میٹنگ اس صورت حال سے نمٹنے کے لیے طے کی گئی ہے جس کی وجہ سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے امریکا میں ہونےوالے میچز کے دوران 20 ملین ڈالر اضافی خرچ ہوئے۔ 
رپورٹس کے مطابق آئی سی سی کے ممبران رواں ماہ سری لنکا میں شیڈول مالی اور آپریشنل معاملات پر بورڈ میٹنگ میں سوالات کریں گے جبکہ امریکا اور ویسٹ انڈیز کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے میگا ایونٹ کیلئے 2 کروڑ ڈالرز کی اضافی رقم اور میچز کروانے سے متعلق بھی اہم فیصلے ہوں گے۔ آئی سی سی نے اس حوالے سے ایک آزاد کمیٹی قائم کی ہے جو اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
 
رپورٹس میں کہا جارہا ہے کہ کمپنی نے آئی سی سی سے منظور شدہ بجٹ کے علاوہ 2 کروڑ ڈالرز کی درخواست کی تھی، بورڈ ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ رقم کیش ادائیگیوں کے لئے بطور لون طلب کی گئی تھی۔ 
رپورٹ کے مطابق امریکا میں ٹی20 ورلڈکپ کے میچز کیلئے ساڑھے 4 کروڑ ڈالرز کا بجٹ رکھا گیا تھا جس میں ڈیڑھ کروڑ ڈالرز آپریشن اور 3 کروڑ ڈالرز نساؤ اسٹیڈیم کی تعمیر کے لئے مختص تھے۔ 
آئی سی سی بورڈ ممبران ہوشربا بجٹ پر بھی ناراض ہیں جبکہ سری لنکا میں شیڈول میٹنگ میں ویسٹ انڈیز میں ہونے والے میچز میں خالی اسٹیڈیم اور خراب پچوں پر بھی سوالات ہوں گے۔