ورلڈکپ: براڈ کاسٹرز نے ’’فیب 5‘‘ پر مشتمل ویڈیو جاری کردی

بھارت میں شیڈول آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کے لیے براڈ کاسٹرز نے جمعہ کے روز فیب 5 کی پروموشنل ویڈیو جاری کردی۔ 
آئی سی سی ورلڈکپ کے براڈ کاسٹر اسٹار اسپورٹس نے دنیائے کرکٹ کے ٹاپ 5 بیٹرز کو ویڈیو میں دکھایا ہے جس میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم، انگلینڈ کے جو روٹ، آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ، بھارت کے ویرات کوہلی اور نیوزی لینڈ کے بلے باز کین ولیمسن شامل ہیں۔
 کرکٹ کی تاریخ میں (فیب فور) کی اصطلاح نیوزی لینڈ کے انجہانی کرکٹر مارٹن کرو نے متعارف کروائی تھی، جس میں ٹاپ فور بیٹرز شامل تھے تاہم قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کی شاندار پرفارمنس کے بعد اسے فیب 5 میں تبدیل کردیا گیا۔
یہ پروموشنل ویڈیو آنے والے آئی سی سی ورلڈ کپ کی ایک دلکش جھلک پیش کرتی ہے، جس میں کھیل کی حکمت عملی اور بیٹنگ کی مہارت کا ایک سنسنی خیز مقابلہ ہونے کی توقع دکھائی گئی ہے، غور طلب بات یہ ہے کہ بابراعظم اس وقت دنیائے کرکٹ کی عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں، انہوں نے 106 ون ڈے میچوں میں 5 ہزار 370 رنز بنائے ہیں جس میں ان کی 19 سنچریاں اور 28 نصف سنچریاں شامل ہیں جبکہ ان کی بیٹنگ ایوریج 59.01 ہے۔ 
واضح رہے کہ بابراعظم بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ میں عالمی نمبر ایک بیٹر کے طور پر پاکستان کی قیادت کے فرائض سرانجام دیں گے جبکہ ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز اکتوبر سے نومبر تک شیڈول ہے۔