مقامی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے والے احسان اللہ مستقبل میں 160 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند بازی کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ احسان اللہ کو میں نے نیشنل ٹی20 کپ میں دیکھا تھا اور ان کی بالنگ نے مجھے بہت متاثر کیا، اگر وہ اپنی فٹنس پر کام کرتے ہیں تو مجھے یقین ہے کہ وہ 160 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کو چُھو سکتے ہیں۔
عبدالرزاق نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں پرفارم کرنے والے کرکٹرزکو قومی ٹیم میں موقع دینے کی ضرورت ہے۔
گزشتہ روز پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں ملتان سلطانز کے فاسٹ بولر نے 4 اوورز کے اسپیل میں 12 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں، جس کے باعث کوئٹہ کی ٹیم محض 110 رنز تک محدود رہی جبکہ ملتان نے 9 وکٹوں سے میچ میں کامیابی سمیٹ لی تھی۔
احسان اللہ نے 144.37 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیندیں کروائیں اور سلیکٹرز کی توجہ اپنی جانب مبذول کروائی۔