قومی کرکٹرعماد وسیم اس سے قبل بگ بیش لیگ میں میلبورن رینیگیڈز کا حصہ رہ چکے ہیں، عماد وسیم بی بی ایل 13میں حارث رؤف اور اسامہ میر کیساتھ میلبورن اسٹارز کے لئے کھیلیں گے۔
تفصیلات کے مطابق حال ہی میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے پاکستانی آل راؤنڈر عماد وسیم نے آئندہ بگ بیش لیگ 13 کے لیے میلبورن اسٹارز میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔
میلبورن اسٹارز نے عماد وسیم کو سائن کرلیا ہے اور وہ کرسمس کے بعد ٹورنامنٹ کے بقیہ میچز میں اسٹارز کی نمائندگی کریں گے۔ میلبورن اسٹارز کے جنرل منیجر بلیئر کراؤچ نے کہا کہ لیام کے پہلے تین میچوں کے لیے دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے ہم نے عماد کو ایک ایسے کھلاڑی کے طور پر شامل کیا ہے جو بائیں ہاتھ سے اسپن بولنگ کے ذریعے ہمارے لیے اہم کردار ادا کر سکتا ہے اور ہماری بیٹنگ لائن اپ کو بھی مضبوط کر سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ "میں واقعی ایم سی جی میں عماد وسیم کے ساتھ اپنے سابق قومی ٹیم کے ساتھیوں اسامہ میر اور حارث رؤف کے ساتھ بہت سے پاکستانی شائقین کو دیکھنے کا منتظر ہوں۔
عماد وسیم نے حال ہی میں پاکستان کے لیے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا جو شائقین کے لیے چونکا دینے والی خبر بن کر سامنے آئی تھی، تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ لیگز میں کھیلتے رہیں گے۔
انہوں نے 55 ون ڈے اور 66 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستانی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنے بین الاقوامی کیریئر میں 109 وکٹیں حاصل کیں اور 1,472 رنز بنائے۔