یوٹیوب چینل پر ایک انٹرویو کے دوران سابق کرکٹر سلمان بٹ نے کہا کہ ایشیاکپ کے انعقاد کا مقصد ایشیا کی ٹیموں کے درمیان میچز یا ان کے گراؤنڈز کو آباد کرنا ہے نہ کہ انگلینڈ یا اور کہیں۔ اگر ایسا کرنا ہے انگلش ٹیم سمیت دو تین ٹیمیں شامل کردیں اس طرح اسے یورو ایشیاکپ کا نام دے دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ایشیاکپ کی میزبانی پاکستان کے پاس ہے تو اُسے کسی نیوٹرل وینیو پر کروانے کا کوئی جواز ہی نہیں ہے۔ دونوں ایشیائی کرکٹنگ گورننگ باڈیز کے درمیان دشمنی سے ہر کوئی واقف ہے۔
سابق کرکٹر نے پی سی بی مینیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کے بھارتی میڈیا کو دیئے جانے والے انٹرویوز کے حوالے سے کہا کہ یہ قدم نہایت اہم تھا، انہیں معلوم ہے کس پلیٹ فارم کو استعمال کرکے اپنی آواز پہنچائی جاسکتی ہے۔
گزشتہ دنوں چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کی جانب سے تجویز دی گئی تھی کہ ایشیاکپ کا انعقاد انگلینڈ میں بھی ہوسکتا ہے، ہم چونکہ اس ٹورنامنٹ کے میزبان ہیں، اس لیے متبادل کے طور پر کسی بھی وینیو کا انتخاب کرسکتے ہیں۔