ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے ویمنزایشیا کپ 2024 کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کر دیا، بھارت اور پاکستان ایک ہی گروپ میں شامل ہیں۔ اس ایڈیشن میں حصہ لینے والی ٹیموں کی تعدادمیں توسیع دیکھی جائے گی جو کہ 8 ہوگی، پچھلے 2022 کے ایڈیشن میں کھیلنے والی ٹیموں کی تعداد سات تھی۔
تفصیلات کے مطابق بہت جلد سری لنکا میں منعقد ہونے والے ویمنزکرکٹ ایشیا کپ 2024 کے شیڈول کا اعلان کردیاگیا ہے، اس ایڈیشن میں حصہ لینے والی آٹھ ٹیموں تک توسیع دیکھی جائے گی، جو پچھلے 2022 ایڈیشن میں مدِ مقابل آنے والی سات ٹیموں سے زیادہ ہے۔
ویمنز کرکٹ ایشیا کپ 202 4میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ایک ہی گروپ میں شامل ہیں جبکہ یو اے ای اور نیپال بھی پاکستان اور بھارت کے ساتھ گروپ اے میں شامل ہیں۔
خواتین کھلاڑیوں کا 8 ٹیموں پرمشتمل یہ شاندار ایونٹ 19 سے 28 جولائی تک سری لنکا میں منعقد ہوگا۔
گروپ بی میں سری لنکا، بنگلہ دیش، ملائیشیا اور تھائی لینڈ کی ٹیمیں شامل ہیں، ایونٹ میں پاکستانی ویمنز ٹیم اپنا پہلا میچ 19 جولائی کو نیپال کے خلاف کھیلے گی جبکہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا 21 جولائی کو ہوگا۔
ویمنز ایشیا کپ کے دونوں سیمی فائنلز 26 جولائی کو کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل 28 جولائی کو ہوگا۔