بھارت نے آئندہ برس یعنی 2025ء میں مردوں کے ایشیاء کپ کی میزبانی کرنے کا اعلان کردیا ہے، یہ ٹورنامنٹ ٹی20 فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔ مینز ایشیاء کپ کا 2027ء ایڈیشن ون ڈے فارمیٹ میں بدل جائے گا اور اس کی میزبانی بنگلہ دیش کرے گا۔ دونوں ٹورنامنٹس میں چھ ٹیمیں بھارت، پاکستان، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور ایک چھٹی ٹیم شامل ہوں گی جس کا تعین کوالیفائنگ ایونٹ کے ذریعے کیا گیا ہے۔
ویمنز ایشیاء کپ کا اگلا ایڈیشن بھی ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں کھیلا جائے گا اور یہ 2026ء میں شیڈول ہے۔
یہ معلومات ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی جانب سے ہفتے کےروز اظہارِ دلچسپی کی دعوت (آئی ای او آئی) دستاویز کے اجراء کے بعد سامنے آئی ہے۔ یہ دستاویز دلچسپی رکھنے والی پارٹیز کو 2024ء سے 2027ء کی مدت کے لیے ایشین کرکٹ کونسل اسپانسرشپ کے حقوق کے لیے اپنےآئی ای او آئی جمع کرانے کی دعوت دیتی ہے۔
دستاویز میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ تمام تفصیلات بشمول نظام الاوقات، تاریخیں، فارمیٹس اور مقامات عارضی ہیں اور بغیر کسی ذمہ داری کے اے سی سی کی صوابدید پر تبدیلی کے تابع ہیں، یعنی اے سی سی جب چاہے ان میں سے کسی بھی ضمن میں کوئی بھی تبدیلی کرسکتا ہے۔