آئی سی سی ورلڈکپ 2023 میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ میں ناقص امپائرنگ کے فیصلوں پر سابق بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر نے بھی سوال اٹھادیا۔
سابق بھارتی اوپنر اور کمنٹیٹر گوتم گمبھیر نے آئی سی سی پر زور دیا کہ وہ ایل بی ڈبلیو کے فیصلوں سے امپائر کال کے فیصلے پر نظرثانی کریں، انہوں نے کہا کہ اگر گیند اسٹمپ کو چھوتی ہے تو بلے باز کو آؤٹ سمجھا جانا چاہیے، چاہے امپائر کی ابتدائی کال کچھ بھی ہو۔
گزشتہ روز چنئی میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو لازمی فتح درکار ہونے والے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دی، کپتان بابراعظم اور سعود شکیل کی نصف سینچریوں کی مدد سے قومی ٹیم نے 270 رنز بنائے، ہدف کے تعاقب میں پروٹیز کا آغاز جارحانہ تھا تاہم میچ کے اختتامی اوورز میں جنوبی افریقہ کے 9 کھلاڑی 260 کے مجموعے پر آؤٹ ہوچکے تھے، پاکستان کو جیت کے لیے ایک وکٹ درکار تھی لیکن امپائر کے فیصلے کے باعث تبریز شمسی بال بال بچ گئے اور جنوبی افریقہ کی ٹیم کو ایک وکٹ سے فتحیاب کروادیا۔ 46ویں اوور میں حارث رؤف کی ایک گیند، کریز سے باہر وائیڈ بولڈ ہوئی اور شمسی کے پیڈ پر جالگی حارث کی اپیل پر آن فیلڈ امپائر نے اسے ناٹ آؤٹ قرار جبکہ ڈی آر ایس پر امپائر کال نے بھی شمسی کو آئوٹ ہونے سے بچالیا۔ اس فیصلے کے بعد کرکٹ کے حلقوں اور دنیا بھر کے شائقین میں ایک نئے بحث و مباحثے کو جنم دیا۔
اس سے قبل ہربھجن سنگھ نے بھی جنوبی افریقہ کیخلاف پاکستان کی شکست کیوجہ ڈی آر ایس سسٹم کو قرار دیا تھا۔