یہ ایک شرمناک شکست ہے، رمیز راجہ کی پاکستانی ٹیم پر تنقید 

پاکستان کے سابق کرکٹر رمیز راجہ نے راولپنڈی میں تیسرے ٹی 20 میچ میں نیوزی لینڈ کی کم تجربہ کار ٹیم کے ہاتھوں گرین شرٹس کی شکست کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایاہے۔ 
اپنے یوٹیوب چینل پر بات کرتے ہوئے، رمیز راجہ نے ٹیم کی کارکردگی کے بارے میں سخت الفاظ استعمال کیے، خاص طور پر آنے والے ورلڈ کپ کے حوالے سے انہوںنے کھلاڑیوں کی پرفارمنس پر سوال اٹھایا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ہارنا کرکٹ کا ایک حصہ ہے، لیکن اس طرح کی شکست بنیاد کو ہلا دیتی ہے، خاص طور پر ورلڈ کپ کے قریب ہی۔،،
رمیز راجہ نے کہا کہ گھر پر، آپ کی پسندیدہ سطح پر، ایک ایسی ٹیم کے خلاف کھیلنا جو مکمل سائیڈ بھی نہیں ہے،پہلے درجے کی یا دوسرے درجے کی نیوزی لینڈ کی ٹیم بھی نہیں ہے، ایسی ٹیم سے ہارنا ہمارے لیے شرمناک نقصان کا باعث ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ چلیں مان لیتے ہیں کہ ٹی ٹوئنٹی میں کسی کی بھی قسمت بدل سکتی ہے لیکن 24 گھنٹے کے اندر کھیل کا اس طرح پانسہ پلٹ جانا پاکستان کی ساکھ پر کاری ضرب ہے۔ پچھلے کچھ عرصے سے یہ تصور پایا جاتا ہے کہ آپ کسی دن پاکستان سے کچھ بھی توقع کر سکتے ہیں۔ صرف 24 گھنٹے پہلے پاکستان نے انہیں 7 وکٹوں سے شکست دی تھی اور 24 گھنٹے بعد خود ہی اسے 7 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ایسا نہیں ہونا چاہیے،‘‘ انہوں نے مزید کہا۔ 
پی سی بی کے سابق چیئرمین نے قومی بلے بازوں کی اپنے آغاز کا فائدہ اٹھانے میں ناکامی کو بھی نشانہ بنایا اور ان پر طویل اننگز نہ کھیلنے پر تنقید کی۔ 
ان کا کہنا تھا کہ سیٹ ہونے والے بلے بازوں کو صرف 20-30 رنز بنانے کے بعد آؤٹ نہیں ہونا چاہیے۔ اس لیے اسکور صرف 180 ہے۔ یہ پچ کم از کم 250 رنز کے قابل ہے، جیسا کہ ہم جانتے ہیں کہ یہاں پہلے کتنے رنز بن چکے ہیں۔ پاکستان نے کم رنز بنائے اور کسی نے لمبی اننگز نہیں کھیلی۔ بولنگ کی کارکردگی بھی کافی معمولی رہی۔ فرنٹ لائن بولرز، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی کا دن بہت اداس رہا،"  
یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تیسرے ٹی 20 میچ میں مین ان گرین نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی اننگز کے دوران چار وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔ شاداب 20 گیندوں پر 41 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ اسکور بنانے والے بیٹر تھے، ان کی اننگزمیں چار چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ بابر اعظم اور صائم ایوب نے بالترتیب 37 اور 32 رنز جوڑے جبکہ عرفان نیازی 20 گیندوں پر 30 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ 
نیوزی لینڈ کے مارک چیپ مین نے کھیل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 42 گیندوں پر 87 رنز بنائے، ایک ایسی اننگز جو بالآخر نیوزی لینڈ کی فتح کا باعث بنی اور سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی۔
میچ کے بعد گرین شرٹس کے سابق کپتان شاہد آفریدی نےمارک چیپ مین کی کارکردگی کی خاص طور پر تعریف کی، اور اسے میچز کو مؤثر طریقے سے فنش کرنے کا سبق سمجھا۔ 
یہ سیریز اگلے دو میچوں کے ساتھ جاری ہے جو 25 اور 27 اپریل کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔