ایشیاءکپ تمام میچزپاکستان میں کیوں نہیں کروائےگئے، جےشاہ کابیان سامنے آگیا

ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری جے شاہ نے ایشیاءکپ کے تمام میچز پاکستان میں نہ کروانے پر بیان جاری کردیا۔ 
ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ نے بذریعہ ای میل اے سی سی ممبران کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ براڈ کاسٹرز، میڈیا رائنٹس ہولڈرز پاکستان میں ایشیاءکپ کے تمام میچز کروانے سے ہچکچارہے تھے جبکہ سیکیورٹی مسائل اور معاشی حالات بھی ان کی بڑی وجہ تھی۔
 
انہوں نے کہا کہ اے سی سی کے صدر کی حیثیت سے میں ٹورنامنٹ کروانے کیلئے پرعزم تھا، اس لیے سری لنکا کو مشترکہ میزبان بنایا اور ہائبرڈ ماڈل کے تحت پاکستان میں بھی میچز کروائے گئے، تاہم یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ پی سی بی کی قیادت میں کئی تبدیلیاں ہوئیں جس کے نتیجے میں کچھ مذاکرات آگے پیچھے ہوئے جس میں میچوں کیلئے ٹیکس چھوٹ اور انشورنس جیسے اہم پہلو شامل تھے۔ 
ایشین کونسل کے ممبران ستمبر کے مہینے میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں گرمی کے باعث ون ڈے میچز کھیلنے پر خدشات کا اظہار کررہے تھے جبکہ سخت شیڈول کے باعث کھلاڑیوں کے زخمی ہونے اور ان کی کارکردگی متاثر ہونے کا خدشہ تھا۔ 
واضح رہے کہ پاکستان میں سیکیورٹی کے کوئی مسائل نہیں ہیں جبکہ آسٹریلیا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ جیسی بڑی ٹیمیں گزشتہ ایک سال میں پاکستان کا دورہ کرچکی ہیں۔ 

بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ کے بیان پر پاکستانی کرکٹ فینز انہیں سیاسی قرار دے رہے ہیں کیونکہ بورڈ ڈرتا ہے کہیں انہیں ہوم گراؤنڈ پر پاکستان سے شکست نہ ہوجائے۔