ذکا اشرف کو بھارت میں خوش آمدید کہیں گے، جے شاہ

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکرٹری جے شاہ کی جانب سے پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کو  بھارت کے دورے پر خوش آمدید کہا گیا ہے۔ 
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف پاک بھارت میچ دیکھنے کے لئے آج بھارت روانہ ہوں گے۔ 
پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین 14 اکتوبر کو احمد آباد میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے ورلڈکپ میچ کے موقع پر قومی ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے اسٹیڈیم میں موجود ہوں گے۔ اس بارے میں اُن کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم اپنی سخت محنت، لگن اور جذبے سے اس مرحلے تک پہنچی ہے، امید ہے کہ وہ اپنی بہترین کارکردگی سے ہمیں فخر کا موقع فراہم کرے گی۔
ذکا اشرف نے کہا کہ وہ اس اہم موقع پر اپنی ٹیم کی سپورٹ کو بہت ضروری سمجھتے ہیں۔ 
واضح رہے کہ جے شاہ اور ذکا اشرف کے درمیان ٹیلی فونک بات چیت بھی ہوئی ہے، جس میں جے شاہ نے ذکا اشرف کے بھارت آنے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں بھارت میں خوش آمدید کہا ہے۔ 
پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے کہا کہ ٹیلیفونک بات چیت میں ان امکانات پر بھی بات ہوئی کہ کس طرح ہم دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ روابط کو فروغ دے سکتے ہیں۔ 
سیکریٹری بی سی سی آئی جے شاہ کا کہنا تھا کہ وہ پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کے بھارت میں قیام کے دوران ان کی دیگر حکام سے ملاقاتوں کا اہتمام بھی کرائیں گے۔