بالی ووڈ کے معروف اداکار سنیل شیٹی کی بیٹی، اداکارہ آتھیا شیٹی اور بھارتی ٹیم کے کرکٹر کے ایل راہول کے پہلے بچے کی پیدائش سے متعلق خبریں گردش کرنے لگیں۔
اداکار سنیل شیٹی بھارت کے مقبول ریئلیٹی شو ’ڈانس دیوانے‘ کے ججز پینل کا حصہ ہیں، اس شو کی حالیہ قسط کو ’دادا دادی اسپیشل‘کا نام دیا گیا تھا۔
دورانِ شو، میزبان بھارتی سنگھ نے سنیل شیٹی سے سوال کیا کہ اگر آپ نانا بن جاتے ہیں تو آپ کیسا محسوس کریں گے؟ اور نانا بننے کے بعد آپ کا برتاؤ کیسا ہوگا؟
بھارتی سنگھ کے سوال کا جواب دیتے ہوئے سنیل شیٹی نے کہا کہ “میں جب اس شو کے اگلے سیزن میں آؤں گا تو نانا کی طرح اسٹیج پر چلوں گا۔
سنیل شیٹی کے اس بیان کے بعد بھارتی میڈیا کی جانب سے یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ اُن کی بیٹی آتھیا شیٹی اور کرکٹر داماد کے ایل راہول جلد والدین بننے والے ہیں۔
دوسری جانب ابھی تک آتھیا شیٹی اور اُن کے شوہر کے ایل راہول نے اپنے پہلے بچے کی آمد سے متعلق خبر کی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔
واضح رہے کہ آتھیا شیٹی نے جنوری 2023 میں بھارتی کرکٹر کے ایل راہول سے شادی کی تھی، اس جوڑی کی شادی کو خفیہ رکھا گیا تھا تاہم ان کی شادی کی تیاریوں کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں۔