قومی کرکٹر کائنات امتیاز نے کمنٹری کی دنیا میں قدم رکھ دیا

پاکستان کی قومی ویمن کرکٹر کائنات امتیاز جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں آفیشل کمنٹیٹر کے فرائض سرانجام دیں گی۔ 
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ویمنز کرکٹ ٹیموں کے درمیان ہونے والی وائٹ بال سیریز کے کمنٹری پینل کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جس میں قومی ویمن کرکٹر کائنات امتیاز کےعلاوہ لینا عزیز، سکندر بخت، علی یونس اور شاہ فیصل کو کمنٹری پینل میں شامل کیا گیا ہے۔ 
دونوں ٹیموں کے درمیان پہلے تین ٹی20 انٹرنیشنل 1، 3 اور 4 ستمبر کو کھیلے جائیں گے جس کے بعد 3 ون ڈے انٹرنیشنل 8، 11 اور 14 ستمبر کو ہوں گے۔ 

واضح رہے کہ کائنات امتیاز اس سے قبل ویمن ڈومیسٹک کے ایک میچ میں مہمان کمنٹیٹرکے طور پر فرائض انجام دے چکی ہیں۔