وائٹ بال کپتان کا فیصلہ، گیری کرسٹن اوراظہرمحمود لاہور پہنچ گئے

گیری کرسٹن اور اظہر محمود وائٹ بال کپتان کے طور پر بابر اعظم کی قسمت کا فیصلہ کرنےکے لیے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی وائٹ بال ٹیم کا مستقبل کیا ہوگا اور کپتانی کس کو سونپی جائے گی اس بارے میں مشاورت کے لیے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن لاہور پہنچ گئے ہیں۔ 
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی شرمناک کارکردگی کے بعد چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ٹیم میں بڑی سرجری کا اعلان کیا تھا اور اب وہ وقت قریب آتا دکھائی دے رہا ہے۔ 
ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن لاہور پہنچ گئے ہیں۔ انہیں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی ٹیم کی کارکردگی اور مستقبل کے لائحہ عمل پر مشاورت کے لیے طلب کیا گیا ہے اور وہ آج چیئرمین سے ملاقات کریں گے۔  
اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود کو بھی انگلینڈ سے بلایا گیا ہے جب کہ چیئرمین پی سی بھی نے اس حوالے سے مشاورت کے لیے سابق ٹیسٹ کرکٹرز اور انٹرنیشنل کرکٹرز کو بھی آج مدعو کیا ہے۔ 
گیری کرسٹن جو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں گرین شرٹس کی ناقص کارکردگی کی رپورٹ پہلے ہی دے چکے ہیں اور اس رپورٹ میں انہوں نے ٹیم سے متعلق کئی سوالات بھی اٹھائے ہیں۔ 
بابر اعظم کو قومی ٹیم کا وائٹ بال کپتان برقرار رکھنے یا قیادت تبدیل کرنے کے لیے گیری کرسٹن سے مشاورت کو اہم قرار دیا جارہا ہے جبکہ چیئرمین پی سی بی ریڈ بال ٹیم کے کوچ جیسن گلیسپی سے بھی ملاقات کریں گے۔ 
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ امریکا اور ویسٹ انڈیز کی مشترکہ میزبانی میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں پاکستان نے میگا ایونٹ کی بد ترین کارکردگی پیش کی اور امریکا کے ہاتھوں شکست کھانے کے بعد روایتی حریف بھارت سے بھی نہ جیت سکا جس کے نتیجے میں گرین شرٹس پہلے مرحلے میں ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے تھے۔ 
اس ناقص کارکردگی کے بعد قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم سمیت دیگر کھلاڑی ابھی تک شدید تنقید کی زد میں ہیں اور کئی سابق کرکٹرز سمیت شائقین پرفارمنس نہ دینے والے کرکٹرز کو ٹیم سے باہر کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔