کے ایل راہول ان فٹ، ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں بھارت کی اوپننگ جوڑی تبدیل

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے کہا ہے کہ زخمی ہونے والے اوپنر کے ایل راہول کی جگہ ایشان کشن اگلے ماہ آسٹریلیا کے خلاف ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) فائنل کے لیے ٹیم میں شامل ہوں گے اور اوپننگ کریں گے۔

بھارتی ٹیم کے اوپننگ بلے باز کے ایل راہول فیلڈنگ کرتے ہوئے زخمی ہو گئے تھے اور انہیں مکمل فٹ ہونے کے لیے کئی ہفتے لگ سکتے ہیں۔

بی سی سی آئی نے کہا ہے کہ ماہرین سے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ کے ایل راہول کی جلد از جلد سرجری کی جائے گی جس کے بعد نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ان کی ٹریننگ ہوگی۔

آل انڈیا سینئر سلیکشن کمیٹی نے ایشان کشن کو، کے ایل راہل کے متبادل کے طور پر نامزد کیا ہے۔

ایشان کشن مختصر فارمیٹس میں بھارت کی نمائندگی کر چکے ہیں وہ فروری میں آسٹریلیا کے خلاف چار میچوں کی سیریز کے پہلے دو میچوں کے لیے ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل تھے لیکن وہ ابھی تک ہندوستان کے لیے طویل ترین فارمیٹ میں ڈیبیو نہیں کر پائے ہیں۔