بالی ووڈ اسٹار انوشکا شرما اور بھارتی ٹیم کے مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی کے دوسرے بچے کی پیدائش کہاں ہوئی ہے اس کے متعلق حتمی خبر ابھی سامنے نہیں آئی ہے البتہ سوشل میڈیا پر کوہلی کی ایک تصویر وائرل ہورہی ہے جس میں وہ لندن میں موجود ہیں۔
انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کے ہاں 15 فروری کو بیٹے کی پیدائش ہوئی لیکن اس جوڑی نے 20 فروری کو سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے بیٹے کی پیدائش کا اعلان کیا۔
اسٹار جوڑی کا اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں کہنا تھا کہ ہم محبت بھرے دل کے ساتھ آپ کو یہ خوشخبری سنا رہے ہیں کہ وامیکا کے چھوٹے بھائی کی پیدائش ہوئی ہے جس کا نام ہم نے ‘اکے’ رکھا ہے۔
ستمبر 2023 میں بھارتی میڈیا کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ انوشکا شرما اپنے دوسرے بچے کی توقع کر رہی ہے، اُنہیں اپنے شوہر ویرات کوہلی کے ہمراہ ممبئی کے ایک میٹرنٹی کلینک میں دیکھا گیا تھا۔
واضح رہے کہ ویرات کوہلی اور انوشکا شرما 2017 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔ اسٹار جوڑے کے ہاں جنوری 2021 میں پہلی بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام اُنہوں نے وامیکا رکھا تھا۔