کیوی کرکٹرمارک چیمپمین کا کہنا ہے کہ پاکستان مضبوط اور اپنی کنڈیشنر میں خطرناک ٹیم ہے، نیوزی لینڈ ٹیم میں سینئر کھلاڑیوں کی کمی ضرور محسوس ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کا دورہ کرنیوالی نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی نوجوان مارک چیمپمین نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں سینئر کھلاڑیوں کی کمی ضرور محسوس ہوگی۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر کھلاڑی کے لیے اپنے ملک کی نمائندگی کرنا فخر کی بات ہوتی ہے، نیوزی لینڈ کے چند نئے کھلاڑیوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں بہترین پرفارمنس دی، امید کرتے ہیں کہ گزشتہ سال کی طرح یہ بھی ایک اچھی اور دلچسپ سیریز ہوگی۔ ہم جانتے ہیں کہ ہمیں چند کھلاڑیوں کی کمی محسوس ہو رہی ہے۔ ہمیں یہاں جو ٹیم ملی ہے وہ کھلاڑیوں کے ایک دلچسپ گروپ پر مشتمل ہے۔ ٹیم میں کچھ بہت باصلاحیت کھلاڑی ہیں جنہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار مہارت اور کارکردگی دکھائی ہے۔
مارک چیپ مین نے کہا کہ لڑکے سیریز میں اپنی بہترین کارکردگی پیش کرنے کے لیے پرجوش ہیں اوروہ پاکستان کو ایک مضبوط حریف کے طور پر دیکھتے ہیں لیکن انہوں نے سیریز کو کیوی ٹیم میں ابھرتی ہوئی صلاحیتوں کے لیے ایک بہترین موقع کے طور پر دیکھا کہ وہ ایک اعلی درجے کی ٹیم کے خلاف اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک مضبوط اور اپنی کنڈیشنر میں خطرناک ٹیم ہے، محمدعامر ایک کوالٹی بولرہیں ان کی گرین شرٹس میں واپسی خوش آئند ہے، فاسٹ بولنگ کا ٹیلنٹ پاکستان کے پاس ہمیشہ ہوتا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل2023 میں نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان کے دوران مارک چیپمین نے اپنی پہلی ٹی 20 سنچری اسکور کی جس کے نتیجے میں سیریز 2-2 سے برابر ہوگئی تھی۔