میکسویل کی 48 گیندوں پرشاندار سنچری،آسٹریلیا نے بھارت کو ہرادیا

بھارت کی جانب سے روی بشنوئی نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ارشدیپ سنگھ، اویس خان اور اکشر پٹیل نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔  
آسٹریلوی بلے باز گلین میکسویل کی 48 گیندوں پر 104 رنز کی ناٹ آؤٹ سنچری کی بدولت آسٹریلیا نے تیسرے ٹی 20 میچ میں ہندوستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں اپنی امیدیں زندہ رکھیں۔ 223 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کے اوپنرز ٹریوس ہیڈنے 35 رنز اور ایرون ہارڈی نے 16 رنز بنا کر ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔ دونوں بلے بازوں نے پہلی وکٹ کے لیے 47 رنز کی شراکت قائم کی۔ 
پانچویں اوور میں ارشدیپ سنگھ نے ہارڈی کو کشن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کر آسٹریلیا کو پہلا دھچکا دیا۔ اس کے بعد اویس خان نے چھٹے اوور میں ٹریوس ہیڈ کو پویلین بھیجا۔ اگلے ہی اوور میں روی بشنوئی نے انگلس کو 10 رنز پر آؤٹ کر دیا۔ 13ویں اوور میں مارکس اسٹونیس 17 رنز بنا کر اکشر پٹیل کا شکار بنے۔ 14ویں اوور میں روی بشنوئی نے ٹم ڈیوڈ کو صفر پر آؤٹ کرکے آسٹریلیا کو پانچواں دھچکا دیا۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آئے کپتان میتھیو ویڈ اور گلین میکسویل کے محتاط کھیل نے ٹیم کو آخری اوور میں فتح دلا دی۔ میتھیو ویڈ 28 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ میکسویل نے میچ کی آخری گیند پر چوکا لگا کر اسکور کو 225 رنز تک پہنچایا، جس نے آسٹریلیا کو سیریز کی پہلی جیت دلادی۔ 
بھارت کی جانب سے روی بشنوئی نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ارشدیپ سنگھ، اویس خان اور اکشر پٹیل نے ایک ایک بلے باز کو پویلین روانہ کیا۔
اس سے قبل بھارتی ٹیم نے منگل کے روز ہونے والے تیسرے ٹی 20 میچ میں اوپننگ بلے باز رتوراج گائیکواڑ کی 123 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کی بدولت آسٹریلیا کو جیت کے لیے 223 رنز کا ہدف دیا۔ 
برساپارہ کرکٹ اسٹیڈیم میں آسٹریلیا کے کپتان میتھیو ویڈ نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ پہلے بلے بازی کرنے والی بھارتی ٹیم نے دوسرے ہی اوور میں چھ رنز پر یشسوی جیسوال کی وکٹ گنوا دی۔ جیسوال کو بہرنڈورف نے میتھیوویڈ کے ہاتھوں کیچ کرایا، اس وقت ٹیم کا اسکور محض 14 رنز تھا۔ تیسرے اوور میں ایشان کشن کو کین نے اسٹوئنس کے ہاتھوں کیچ کراکے پویلین بھیج دیا۔  
اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آئے کپتان سوریا کمار یادو نے رتوراج کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں نے تیسری وکٹ کے لیے 57 رنز کی شراکت قائم کی۔ 11ویں اوور میں ہارڈی نے سوریا کمار یادو کو 39 رنز پر ویڈ کے ہاتھوں کیچ کروا کر ہندوستان کو تیسرا دھچکا دیا۔ سوریاکماریادو کے آؤٹ ہونے کے بعد بیٹنگ کے لیے آئے تلک ورما نے رتوراج کا بھرپور ساتھ دیا اور دونوں بلے باز آخر تک کریز پر موجود رہے۔ 
رتوراج گائکواڑ نے شاندار بلے بازی کی اور اپنی پہلی بین الاقوامی ٹی 20 سنچری بنائی۔ وہ 57 گیندوں پر 13 چوکوں اور سات چھکوں کی مدد سے 123 رنز بناکرناٹ آؤٹ رہے، جب کہ تلک ورما 24 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے 31 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ دونوں بلے بازوں نے میدان کے چاروں طرف شاٹس لگائے اور مقررہ 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 222 رنز بنائے۔آسٹریلیا کی جانب سے کین رچرڈسن، جیسن بہرنڈورف اور ایرون ہارڈی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔