آسٹریلیا کے جارحانہ بلے باز گلین میکسویل نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ہونے والے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ایک اور دھواں دھار سنچری جڑدی۔
تفصیلات کے مطابق کینگروز کے اہم بلے باز گلین میکسویل کی طوفانی سنچری کی مدد سے آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو 34 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی۔
آسٹریلوی بلے باز نے ویسٹ انڈیز کے خلاف زبردست لاٹھی چارج کرتے ہوئے صرف 50 گیندوں پر سنچری بنائی اور ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔ آسٹریلیا کے 35 سالہ کھلاڑی نے 55 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 120 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں آٹھ چھکے اور 12 چوکے شامل تھے۔
یہ ان کے کیریئر کی پانچویں ٹی ٹوئنٹی سنچری ہے اور وہ اس فارمیٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بھارتی بلے باز روہت شرما کے برابر آگئے ہیں۔
ٹیم آسٹریلیا کے اہم بلے باز گلین میکسویل نے 55 گیندوں پر 8 چھکے اور 12 چوکے لگا کر 120 رنز کی جارحانہ اننگز کی کھیلی۔ انہوں نے اپنی سنچری میں 109 میٹر لمبا چھکا بھی لگایا۔
آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 241 رنز بنائے جس کے جواب میں مہمان ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان کے ساتھ 207 رنز تک محدود رہی۔