پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نئے کوچز کی تقرریوں پر حتمی مشاورت نہ کیے جانے پر ناخوش ہیں۔
پی سی بی ہائی پرفارمنس سینٹر کے گرانٹ بریڈ برن، ثقلین مشتاق اور شاہد اسلم پر مشتمل پینل کی سفارشات پر اعلان کردہ کوچز میں سے 6 صوبائی ہیڈکوچز بھی شامل ہیں جو سلیکشن کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔ باسط علی، عبدالرحمن، فیصل اقبال، عبدالرزاق، شاید، انور اور محمد وسیم چیف سلیکٹر مصباح الحق کو قومی اور صوبائی ٹیموں کی سلیکشن پر رائے دیا کریں گے۔
ذرائع کے مطابق کوچنگ اور سلیکشن کے سربراہ کی دوہری ذمہ داری نبھانے والے مصباح کا موقف ہے کہ اس اہم معاملے میں باہمی اتفاق سے فیصلہ کرنا چاہیے تھا، گزشتہ برس مصباح الحق نے خود تمام معاملات کی نگرانی کی تھی تاہم اس بار ہائی پرفارمنس سینٹر حکام نے انٹرویوز اور فہرستوں کو تیار کیا۔
گزشتہ برس چیمپئن بننے والی سینٹرل پنجاب ٹیم کے ہیڈکوچ اعجاز جونئیر کو اس بار یکسر نظر انداز کیا گیا ہے۔ جس پر بھی مصباح الحق کو تشویش ہے، چار نئے چہرے باسط علی، عبدالرزاق، فیصل اقبال اور شاہد انور سلیکشن کمیٹی کا حصہ بنائے گئے ہیں جب کہ کبیر خان، ارشد خان، اعظم خان اور اعجاز جونئیر بھی نیا کنٹریکٹ نہ ملنے پر مصباح کی ٹیم کا حصہ نہیں رہے۔