ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 سے قبل قومی ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو قیمتی مشورہ دے دیا۔
چند روز قبل کرکٹ پاکستان کے ساتھ خصوصی انٹرویو میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے رضوان نے پی ایس ایل سیزن نائن میں اپنی کارکردگی پرعدم اطمینان کا اظہار کیا تھا، اسی تناظر میں گرین شرٹس کے سابق کپتان مصباح الحق نے کہا کہ چاہتا ہوں محمد رضوان اپنی بیٹنگ کی رفتار میں اضافہ کریں اورتیزی سے رنز اسکور کریں۔
یاد رہے کہ قومی ٹیم کے31 سالہ کھلاڑی نے پی ایس ایل 9 میں 122.22 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ بیٹنگ کی تھی اور اب پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق چاہتے ہیں کہ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان اپنی بیٹنگ کی رفتار میں اضافہ کریں۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 میں 31 سالہ وکٹ کیپر بیٹر نے ملتان سلطانز کو فائنل میں پہنچایا اور رنر اپ کے طور پر ٹورنامنٹ کا اختتام کیا۔ انہوں نے انفرادی سطح پر407 رنز بنائے تاہم ان کا اسٹرائیک ریٹ 122.22 رہا۔
ایک مقامی اسپورٹس چینل پر اظہارِخیال کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ رضوان کی بیٹنگ کی رفتار تھوڑی سست ہے، انہیں اپنی بلے بازی میں ذرا تیزی لانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ “محمد رضوان لمبی اننگز کھیلنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن بیٹنگ کی رفتار قدرے سست ہے۔ اسے اس میں اضافہ کرنا پڑے گا۔"
اس دوران محمد رضوان نے بھی قبول کیا کہ وہ پی ایس ایل 9 میں اپنی بیٹنگ سے خوش نہیں تھے۔
پی ایس ایل فائنل کے بع دہونے والی تقریب میں انہوں نے کہا کہ میں اپنی بیٹنگ سے بالکل مطمئن نہیں ہوں تاہم پاکستان کے لیے کسی بھی پوزیشن پر بیٹنگ کے لیے ہمیشہ دستیاب ہوں۔،،
واضح رہے کہ اسلام آبادیونائیٹڈ نے 2016ء اور 2018ء میں فتح حاصل کرنے کے بعد تیسری بار پی ایس ایل ٹائٹل اپنے نام کیا اور ٹورنامنٹ کی تاریخ کی سب سے کامیاب ٹیم بن گئی۔
پی ایس ایل 9 کے حتمی ٹاکرے میں سنسنی خیز مقابلے کا فیصلہ آخری گیند پر ہوا جب بیٹنگ اینڈ پر موجود اسلام آباد یونائیٹڈ کے بولرحنین شاہ نے ہوشیاری سے پوائنٹ پر خالی جگہ دیکھ کر گیند کو بائونڈری کے پار پہنچایا اور چارقیمتی رنزسمیٹ کراپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنارکیا۔