کراچی کنگز کے محمد عامر نے شاہد آفریدی کا مشورہ نظرانداز کردیا

لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے میچ کے دوران محمد عامر نے شاہد آفریدی کے مشورے کو نظر انداز کرتے ہوئے نازیبا اشاروں کا سلسلہ جاری رکھا۔ 
کراچی کنگز نے مسلسل دو شکستوں کے بعد لاہور قلندرز کے خلاف میچ 67 رنز سے جیت لیا۔
تاہم کراچی کنگز کے تیز گیند باز محمد عامر کا رویہ دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ پیسر نے سابق اسٹار شاہد آفریدی کے مشورے پر کوئی توجہ نہیں دی کیونکہ انہوں نے اتوار کو کراچی میں لاہور قلندرز کے خلاف کھیلے گئے میچ میں ایک بار پھر نازیبا اشارہ کیا۔

بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز نے صرف دو اوور پھینکے اور 12 رنز دیے، جبکہ شائی ہوپ کی واحد وکٹ حاصل کی۔
تاہم، عرفان خان نیازی کے ایک شاندار کیچ کے باعث شائی ہوپ کو آؤٹ کرنے کے بعد، عامر کو وکٹ لینے کا جشن مناتے ہوئے ایک بار پھر نازیبا اشارہ کرتے ہوئے دیکھا گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

اس ہفتے کے شروع میں شاہد آفریدی نے انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے پاکستان سپر لیگ سیزن 8 میں کراچی کنگز کے لیے پہلے دو میچوں میں عامر کو ان کے فیلڈ میں ناروا رویے پر ذاتی طور پر ڈانٹا تھا۔

"جب بھی کوئی کھلاڑی پرفارم نہیں کرتا، یا اگر وہ کرتا بھی ہے، تو میں اسے کال کرنے کے لیے ایک پیغام بھیجتا ہوں۔ اسی طرح میں نے کل عامر کو میسج کیا تھا۔ میں نے اس سے احترام سے بات کی، لیکن میں نے اسے ڈانٹا بھی۔ میں نے عامر سے کہا، 'تم کیا چاہتے ہو؟' تم نے اتنی عزت حاصل کی ہے، تمہاری ساکھ پر دھبہ لگا اور وہاں سے تم نے واپسی کی۔ آپ کو ایک طرح سے نئی زندگی ملی ہے اور اللہ تعالیٰ نے دوبارہ عزت دی ہے۔ تم یہ سب کیا کرنے کی کوشش کر رہے ہو؟" آفریدی نے کہا کہ  کرکٹ میچز فیملیز اور بچے بھی دیکھ رہے ہوتے ہیں، آپ کے بُرے الفاظ کا کیا اثر پڑے گا، جہاں تک بابر کا تعلق ہے اگر آپ کو قومی ٹیم میں واپس آنا ہے تو پھر ان کی قیادت میں کھیلنا ہوگا۔ ایسی حرکتوں سے کیا آپ نظریں ملا سکیں گے۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ جواب میں عامر نے معذرت کرنے کے ساتھ سمجھانے پر شکریہ بھی ادا کیا۔
تاہم گرائونڈ میں عامر کا رویہ دیکھ کر لگتا ہے کہ انہیں بات ابھی بھی سمجھ میں نہیں آئی۔