قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کی ٹی 20 پرفارمنس گرین شرٹس کےسابق پیسرمحمد عامر کو متاثر نہ کرسکی۔
پاکستان کے سابق فاسٹ بولرمحمد عامرنے پی ایس ایل کے گذشتہ ایڈیشن کے دوران بابراعظم کو ایک ٹیل اینڈرسمجھنے کا بیان دے کر تنازع چھیڑا تھا، اب اپنے یوٹیوب چینل پر سوال و جواب کے دوران انھوں نے بابر کو صرف ون ڈے اور ٹیسٹ میں ہی اپنا فیورٹ بیٹر قرار دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بابر سوائے ٹی 20 کے میرے پسندیدہ بیٹر ہیں، وہ ٹیسٹ اور ون ڈے میں میرے فیورٹ ہیں، ویراٹ کوہلی اور شبمان گل کو پسند کرتا ہوں، میرے خیال میں سمجھتا ہوں کہ اگر شبمان نے اپنی موجودہ فارم برقرار رکھی تو وہ بھارت کیلیے ایک اور بڑے کھلاڑی ثابت ہوں گے۔
پسندیدہ بولرز کے حوالے سے محمد عامر کا کہنا تھا کہ میرے نزدیک نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ نمبر ون بولر ہیں، ان کے بعد نسیم شاہ ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ یہ دونوں مکمل بولر ہیں اور تینوں فارمیٹس میں کھیل سکتے ہیں، ان کے ساتھ مچل اسٹارک بھی شامل ہیں۔
محمدعامر نے مکی آرتھر کو اپنا پسندیدہ ترین کوچ بھی قرار دیا، جب مکی پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ تھے وہ ان کے ساتھ کام کرچکے ہیں۔
ورلڈ کپ کے حوالے سے عامر نے کہا کہ آنے والے میگا ایونٹ میں پاکستان ٹاپ 4 فیورٹ ٹیموں میں شامل ہوگا، ایشیائی کنڈیشنز میں گرین شرٹس کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، انھوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ انتہائی سنسنی خیز رہنے کی بھی پیشگوئی کی۔