پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مسلسل کوششوں کے باعث آئرلینڈ کے خلاف آئندہ تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے فاسٹ باؤلر محمد عامر کا کامیابی کے ساتھ ویزا حاصل کر لیا ہے۔
پی سی بی کے قریبی ذرائع نے انکشاف کیا کہ بورڈ کا لاجسٹکس ڈپارٹمنٹ اب عامر کی ڈبلن کے لیے فلائٹ کی بکنگ کے انتظامات میں مصروف ہے اور ٹیم میں شامل ہونے کے لیے ان کی بروقت روانگی کو یقینی بنارہا ہے۔
ویزے کے مسائل کی وجہ سے ابتدائی طور پر اس دورے میں عامر کی شمولیت غیر یقینی تھی۔ ٹیم کے ساتھ ویزہ کی درخواست جمع کرانے کے باوجود آئرلینڈ ایمبیسی نے ابتدائی طور پر ان کا ویزا مسترد کر دیا تھا جس سے پی سی بی میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ بورڈ حکام نے فوری طور پر کرکٹ بورڈ آف آئرلینڈ کے ساتھ عامر کی ویزہ درخواست مسترد ہونے پر اعتراضات اٹھائے۔ پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے ذاتی طور پر مداخلت کرتے ہوئے معاملے کو حل کرنے میں بھرپور دلچسپی ظاہر کی۔
محمد عامر کی ویزا درخواست دوبارہ جمع کرائی گئی تھی اور اسے اب منظور کر لیا گیا ہے، جس سے وہ آئرلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم میں شامل ہو سکتے ہیں۔
یہ پیشرفت عامر اور پی سی بی دونوں کے لیے ریلیف کے طور پر سامنے آئی ہے، جو اہم دوروں اور ٹورنامنٹس سے قبل اپنے کھلاڑیوں کے لیے لاجسٹکس کی سہولیات کو یقینی بنانے کے لیے بورڈ کے عزم کو اجاگر کرتی ہے۔
پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا پہلا میچ کل سے شروع ہوگا جس کے بعد دوسرا اور تیسرا میچ بالترتیب 12 اور 14 مئی کو ایک ہی مقام پر کھیلا جائے گا۔
ٹی 20 سیریز کے لیے آئرلینڈ کا اسکواڈ:
پال اسٹرلنگ (کپتان)، مارک ایڈیر، راس ایڈیئر، اینڈریو بالبرنی، کرٹس کیمفر، گیرتھ ڈیلنی، جارج ڈوکریل، گراہم ہیوم، بیری میکارتھی، نیل راک، ہیری ٹییکٹر، لورکن ٹکر، بین وائٹ اور کریگ ینگ پر مشتمل ہے۔
پاکستان کا اسکواڈ:
بابر اعظم (کپتان)، ابرار احمد، اعظم خان، فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، افتخار احمد، عماد وسیم، محمد عباس آفریدی، محمد عامر، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، عرفان خان، نسیم شاہ، صائم ایوب، سلمان آغا، شاداب خان، شاہین آفریدی اور عثمان خان۔
پاکستان بمقابلہ آئرلینڈ سیریز کا شیڈول:
10 مئی: کلونٹرف میں پہلا ٹی 20 کھیلا جائے گا۔
12 مئی: کلونٹرف میں دوسرا ٹی 20۔
14 مئی: کلونٹرف میں تیسرا ٹی 20۔