محمدعامرکاؤنٹی چیمپئن شپ میں لوکل کھلاڑی کے طورپرکھیلیں گے

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر آئندہ سال کاؤنٹی چیمپئن شپ میں برطانیہ کے لوکل کھلاڑی کے طور پرکھیلیں گے۔
رپورٹس کے مطابق محمد عامر آئندہ کاؤنٹی چیمپئن شپ میں ڈربی شائر کی نمائندگی کریں گے۔ 
برطانوی شہری بننے کے بعد دا ہنڈریڈ میں بھی محمد عامر بطور لوکل کھلاڑی کھیلیں گے۔ 
دی ٹیلی گراف کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر اگلے سیزن میں مقامی کھلاڑی کے طور پر ڈربی شائر میں شامل ہونے والے ہیں۔ یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عامر 2024 میں باضابطہ برطانوی شہریت حاصل کرنے والے ہیں، برطانوی شہری اور وکیل نرجس خان سے ان کی شادی کی بدولت محمد عامر کو برطانوی شہریت ملے گی۔ 
2020 میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہونے کے بعد، 31 سالہ کرکٹر اب ڈربی شائر کے ساتھ اپنے معاہدے کو حتمی شکل دینے سے پہلے برطانوی شہریت حاصل کرنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ محمد عامر نے 2020 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔